پاکستان اور ترقی کے درمیان کرپٹ اور سیکولر رکاوٹ ہیں‘ مشتاق احمد خان

427
دیربالا،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں طلبہ کنونشن سے خطاب کررہے ہیں
دیربالا،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں طلبہ کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا اسلام پسندوں کے ہاتھوں میں آنا ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے، پاکستان اور ترقی کے درمیان سیکولر اور کرپٹ سیاسی جماعتیں رکاوٹ ہیں۔ پاکستان کی حکمران اشرافیہ بکاؤ مال ہے، مجرموں نے سیاست کا لبادہ اوڑھ لیا ہے، جرم اور سیاست کے گٹھ جوڑ نے پاکستان کے مسائل میں مزید اضافہ کیا ہے۔ ستر سال سے پاکستان پر مسلط کریمنلز اور گاڈ فادرزنے ملکی خزانہ لوٹا اور سارا پیسہ باہر منتقل کیا۔ نقیب اللہ محسود کا قاتل راؤ انوار پیپلز پارٹی کے کرتا دھرتاؤں کی پناہ میں ہے، عدالت عظمیٰ راؤ انوار کو سندھ کی حکمران جماعت کے لیڈروں کے محل سے گرفتاری کے لیے خصوصی حکم نامہ جاری کرے۔ راؤ انوار کی عدم گرفتاری سے شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں ، پولیس جان بوجھ کر راؤ انوار کو گرفتار نہیں کررہی۔ کوہاٹ میں قتل ہونے والی ڈاکٹر عاصمہ کے قاتل کا بیرون ملک فرار ہونا افسوسناک ہے، پولیس نے اپنی ذمے داری میں کوتاہی برتی، عاصمہ کے قاتل کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال دیر بالا میں جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام تحفظ مدارس و استحکام پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے جمعیت طلبہ عربیہ کے مرکزی منتظم اعلیٰ مولانا عبید الرحمن عباسی، صوبائی منتظم مولانا شمشیر شاہد، جماعت اسلامی دیر بالا کے امیر صاحبزادہ حنیف اللہ، ضلعی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ فصیح اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ مدارس کو دہشت گردی کے اڈے کہنا مغربی سازش ہے، مدارس میں دہشت گردی کی نہیں دین اور قرآن کی تعلیم دی جاتی ہے، افسوس کی بات ہے کہ ہمارے حکمران بھی مغربی طاقتوں کی خوشنودی کے لیے مدارس کا تعلق دہشت گردی سے جوڑ رہے ہیں۔ مدارس کا ہر فورم پر دفاع کریں گے۔ مدراس کو دہشت گردی کے اڈے کہنے والے امریکی زبان بول رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دینی جماعتیں 2018ء کے انتخابات میں کلین سویپ کریں گی اور صوبے میں ایم ایم اے کی حکومت قائم ہوگی۔ سیکولر جماعتیں اپنا بوریا بستر گول کریں ۔ نوجوان موروثی سیاسی جماعتوں کے خلاف بغاوت کریں اور سیاسی غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔ مشتاق احمد خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ راؤ انوار نے کراچی میں چار سو سے زائد بے گناہوں کا خون کیا ہے، اس کی گرفتاری میں ناکامی سے پولیس کے کردار پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ عدالت عظمیٰ بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے گھروں پر چھاپوں کے احکامات دے تو راؤ انوار کو بازیاب کرایا جاسکتا ہے۔ نقیب محسود کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ کا قتل بربریت ہے، عاصمہ کا قاتل کتنا ہی طاقتور اور بااثر کیوں نہ ہو اس کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔ جماعت اسلامی مظلوم خاندان کے ساتھ ہے اوران کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ کا تحفظ مدارس و سالمیت پاکستان کنونشن وقت اور حالات کا تقاضا ہے، پاکستان میں سازش کے تحت مدارس کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مدارس امن کا گہوارا اور اسلام کے قلعے ہیں۔ مغربی سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور مدارس کا تحفظ کریں گے۔