ڈیرہ مراد جمالی‘ ریلوے ٹریک پر دھماکا‘ 5بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں

185

کوئٹہ‘ لاہور (صباح نیوز‘ آئی این پی) بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں بولان میل کی5 بوگیاں ٹریک سے اترگئیں جس سے3 مسافر زخمی ہوگئے۔ ریلوے حکام کے مطابق تخریب کاروں نے منگولی کے مقام پر کراچی جانے والی بولان میل کے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا، دھماکے سے4 فٹ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔ لیویز کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت بند ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریلوے کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا۔ وزیر ریلوے سعد رفیق نے ٹوئٹر پرکہا ہے کہ دھماکا بزدلانہ کارروائی ہے، ذاتی طور پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہا ہوں، مسافروں کو سیکورٹی حصار میں پہلے جیکب آباد اور پھر کراچی لے جایا جائے گا۔