جماعت اسلامی ووٹ اور انتخاب کے ذریعے مثبت تبدیلی کیلیے جدو جہد کررہی ہے

103

اٹک (وقائع نگار خصوصی)غلبہ دین جماعت اسلامی کا مقصد ہے، فحاشی اور عریانی کا سیلاب برپا ہے ،اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے کو سنوارنا ہے، اسلام اخوت و محبت کا درس دیتا ہے، دہشت گردی کا خاتمہ ہماری ترجیح اوّل ہے، اللہ کے پیرو کار اس کی راہ میں بے دریغ خرچ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع اٹک کے اجتماع ارکان و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ صدارت قائم مقام امیر ضلع سردار امجد علی خان نے کی۔ اجتماع سے سابق امیر ضلع حاجی مجدد خان، ڈائریکٹر آفاق سید شاہد وارثی ،نائب امیر ضلع و امیدوارقومی اسمبلی این اے 62 اقبال خان ، سیکرٹری ضلع میاں محمد جنید ، نائب امرائے ضلع قاری خورشید حسین ،ڈاکٹر نور حسین ملک اور مولانا اسلم ہاشمی نے بھی خطاب کیا ۔اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسلام اخوت و محبت کا درس دیتا ہے ،اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا ، محبت و ہمدردی اور خیر خواہی کے جذبات کو بڑھانا ہو گا ۔ جماعت اسلامی ملک میں ووٹ اور انتخاب کے ذریعے مثبت تبدیلی لانے کیلیے جدو جہد جاری رکھے گی، جماعت اسلامی دینی وسیاسی جماعت ہے یہ کوئی موروثی اور فرقہ پرست نہیں اس میں ہرمکتب فکر کی نمائندگی موجود ہے 2018ء کے الیکشن میں جماعت اسلامی ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے بھر پور حصہ لے گی گو کہ انتخابات کو روپے پیسے کا کھیل بنا دیا گیا ہے اس کے باوجود جماعت اسلامی اپنے ارکان و کارکنان اور اسلامیان پاکستان کے تعاون سے بھر پور حصہ لے گی۔ ڈائریکٹر آفاق سید شاہد وارثی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کے پاس جمہوریت کے سوا اور کوئی ذریعہ نہیں ارکان و کارکنان اور ممبران کو چاہیے کہ وہ دعوت کے کام کو بڑھا دیں اور اس میں تیزی لائیں ۔اس موقع پر سردار امجد علی خان نے این اے 62سے نائب امیر ضلع اقبال خان اور این اے 63 سے ڈاکٹر رازق داد خان کا بطور امید وار برائے قومی اسمبلی تقرر کا اعلان کیا ۔