حکمران اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کریں، سردار ظفر خان

216

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماؤں سردار ظفر حسین خان، غلام عباس خان، رانا وسیم احمد اور انجینئر عظیم رندھاوا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہورہی ہے اور پاکستانی حکومت لیوی ٹیکس اور ایڈجسٹمنٹ کے نام پر قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال رہی ہے۔ حکمران خود قربانی دینے کے بجائے عوام کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ نچوڑنا چاہتے ہیں۔ اپنے شاہانہ اخراجات کا بوجھ عوام کی گردنوں پر ڈال کراپنے غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی کے لیے عوام کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔ حکمران اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کردیں اور لوٹی ہوئی تمام دولت بیرون ملک سے واپس لے آئیں تو وطن عزیز موجودہ بحرانی کیفیت سے نکل سکتا ہے مگر انہیں غریب عوام سے کوئی غرض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی۔ حکمران حالات پر قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے۔