232

بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ امریکا سرد جنگ کی ذہنیت کو ترک کر دے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اپنے پہلے اسٹیٹ آف یونین خطاب میں چین کو امریکی اقدار کے لیے خطرات کی فہرست میں شامل کرنے پرچین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔چینی وزیر اعظم لی کی یانگ نے کہا کہ چین اور امریکا کے باہمی مفادات دونوں ملکوں کے باہمی اختلافات سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔لی کی یانگ نے برطانوی وزیر اعظم ٹریسا مے سے ملاقات میں کہا کہ امریکا اور چین کے مستحکم تعلقات پوری دنیا کے مفاد میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کو امید ہے کہ امریکا چین سے اپنے تعلقات کو مثبت انداز میں دیکھے گا اور ان تعلقات کو برقرار رکھے گا۔چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہو چی انگ کی جانب سے کہا گیاہے کہ سرد جنگ کی دقیانوسی ذہنیت کو ترک کر کے امریکا کو چین کے ساتھ مشترکہ اہداف حاصل کرنے کے لیے کوشش کرنی چاہیے جس میں اپنے اختلافات کو ایک حد میں رکھنا اور دونوں ملکوں کی ترقی کے لیے کام کرنا شامل ہے۔