حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔ شیخ عامر وحید

521

قیمت بڑھانے کی بجائے حکومت غیر ضروری اخراجات پر قابو پانے کی کوشش کرے۔ محمد نوید
اسلام آباد ; اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ حکومت نے جنوری اور فروری میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عام آدمی اور کاروباری طبقے کیلئے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں کیونکہ اس سے ملک میں مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی اور عوام کی قوت خرید کم ہونے سے کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہوں گی لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کاروبار اور عوام کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی ہائی سپیڈ ڈیزل پر 31فیصد جنرل سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے اور فی لیٹر پیٹرول پر 10روپے بطور پیٹرولیم ڈویلپمنٹ سرچارج لے رہی ہے جس وجہ سے صارفین کو پیٹرولیم مصنوعات کئی گنا زائد قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ انہوںنے کہا اگرچہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کچھ اضافہ ہوا ہے لیکن انہوںنے کہا بہتر یہ تھا کہ حکومت اس کا سارا بوجھ عوام اور کاروباری طبقے کو منتقل کرنے کی بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور سرچارجز کو کم کرتی ۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے کاروبار کی لاگت میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ پیداواری سرگرمیاں مہنگی ہوں گی او ر خام و تجارتی مال کی ترسیل کیلئے ٹرانسپورٹ کی قیمت بھی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے صنعتی شعبے کی کارکردگی فوری متاثر ہو گی کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات بعض صنعتوں کیلئے اہم خام مال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے برآمدات بھی مزیدمہنگی ہو ں گی جس سے عالمی مارکیٹ میں ہماری برآمدات مزید متاثر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ ملک کا تجارتی اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ بڑھ رہا ہے، ہماری برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے اور ملکی قرضوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں حکومت کو چاہیے تھا کہ و ہ ملک میں کاروبار کی لاگت کو کم کرنے پر زیادہ توجہ دیتی لیکن پیٹرولیم مصنوعات میں مزید اضافہ حکومت کی ان تمام کوششوں کو متاثر کرے گا جو وہ کاروبار اور برآمدات کی بحالی کیلئے کر رہی ہے۔ لہذا ان تمام مشکلات سے بچنے کا بہتر حل یہی ہے کہ حکومت ایسے فیصلے کرنے سے گریز کرے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرنے کی بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں و ڈیوٹیوں نظر ثانی کرے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام اور کاروباری طبقے پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام غیر ضروری اخراجات پر قابو پانے کی کوشش کرے اور صنعت و تجارت کومزید نقصان سے بچانے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔