تحریک آزادی کشمیر میں ہر طبقہ فکر کے فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا

111

لودھراں (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی لودھراں شہر کے زیر اہتمام ’’آزادی کشمیر میں ہمارا کردار‘‘ کے نام سے سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر سید وحید احمد نے کہا کہ اگر قیام پاکستان سے لے کر اب تک کوئی بھی حکمران یا جرنیل مخلص ہوکر آزادی کشمیر میں اپنا حقیقی کردار ادا کرتا تو کشمیر آج مکمل طور پر آزاد ہوچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر بھی عام پاکستانیوں نے غاصب بھارتیوں سے لڑکر واپس حاصل کیا، مقبوضہ کشمیر بھی عام پاکستانی ہی لڑکر واپس لے گا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر طاہر احمد چودھری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ قائد اعظم کے اس فرمان کے مطابق ہر پاکستانی کو اپنی شہہ رگ چھڑانے کی عملی جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پانی ہر متنفس کے لیے اہمیت کا حامل ہے، پاکستانی دریا کشمیر سے بہتے ہیں اگر کشمیر آزاد نہیں کرایا گیا تو انڈیا ستلج اور بیاس کی طرح پاکستان کی طرف آنے والے ہر دریا کو بند کرکے قحط کے اسباب پیدا کردے گا۔ سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سعید شاہ کاظمی نے کہا کہ علما اپنی اپنی مساجد میں خطباتِ جمعہ کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالیں تاکہ عوام کو مسئلہ کی سنگینی کا اندازہ ہوسکے۔ سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر خالد فاروق نے کہا کہ نوجوان یوم یکجہتی کشمیر کے دن اپنے جذبات کا اظہار کرکے تحریک آزادی کشمیر کے لیے آواز بلند کریں اور کشمیر کی آزادی کے سفیر بن کر دنیا کو بتادیں کہ ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ملی مسلم لیگ ملک عابد منگلا نے کہا کہ کشمیری مجاہدین کی اعانت و ان کی سیاسی وسفارتی حمایت کے ذریعے ہمیں مسئلہ کشمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیمینار سے مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے خطاب کیا۔