فرنس آئل کی فروخت 49 فیصد گھٹ کر 3 لاکھ 90 ہزار ٹن ہو گئی

530

کراچی : ملک میں بجلی کی پیداوار میں بڑھتے ہوئے ایل این جی کے استعمال اور تھرمل بجلی گھروں میں فرنس آئل کی کم کھپت کے باعث جنوری 2018 میں پٹرولیم مصنوعات بشمول پیٹرول، آئل اور لبریکینٹس کی فروخت سال بہ سال کی نسبت 13 فیصد کمی سے 17 لاکھ 90 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی ہے۔ عبوری اعداد و شمار کے مطابق زیرتبصرہ مہینے میں تھرمل بجلی گھروں میں فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں غیرمعمولی کمی ہوئی جس کے باعث فرنس آئل کی فروخت 49 فیصد گھٹ کر 3 لاکھ 90 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور پٹرول کی فروخت میں بالترتیب10 فیصد اور 8.0 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیز ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ فرنس آئل کی آئندہ کھیپ مارچ 2018 میں آئے گی جس کے بعد اس امر کا قوی امکان ہے کہ ملک میں فرنس آئل کی درآمد بند کردی جائے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی6 ماہ (جولائی تا دسمبر2017) کے دوران کاروں کی زبردست فروخت اور انفرا اسٹرکچر پروجیکٹس میں ٹرانسپورٹ کے غیرمعمولی طور پر زائد استعمال کے سبب ایندھن کی ریٹیل فروخت 9 فیصداضافے سے 13 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس فرنس آئل کی فروخت میں مجموعی طور پر 18 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ آنے والے ماہ و سال میں پاکستان میں فرنس آئل کی درآمد کا کوئی کرداردکھائی نہیں دے رہا کیونکہ حکومت فرنس آئل سے چلنے والے تھرمل بجلی گھروں کو بتدریج ایل این جی اور کوئلے پر منتقل کررہی ہے جبکہ کم فعالیت پر چلنے والے بجلی گھروں کو بندکرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔