مسئلہ کشمیر کا جلد از جلد حل ناگزیر ہو چکا ہے،امجد قیوم پراچہ

219

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 65کے امیرامجدقیوم پراچہ اورجنرل سیکرٹری ہدایت اللہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام حق خودارادیت حاصل کرکے رہیں گے۔ مسئلہ کشمیر کا جلد از جلد حل ناگزیر ہو چکا ہے۔ بھارت کا غیر ذمے دارانہ رویہ ایشیا میں کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتا ہے۔ بھارت ایک قابض اور غاصب ملک ہے جس نے سیکولر ازم کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں۔کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ قائد اعظم کے اس فرمان کے مطابق ہر پاکستانی کو اپنی شہہ رگ چھڑانے کی عملی جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پانی ہر متنفس کے لیے اہمیت کا حامل ہے، پاکستانی دریا کشمیر سے بہتے ہیں اگر کشمیر آزاد نہیں کرایا گیا تو انڈیا ستلج اور بیاس کی طرح پاکستان کی طرف آنے والے ہر دریا کو بند کرکے قحط کے اسباب پیدا کردے گا۔ پوری قوم یوم کشمیر پر اپنے جذبات کا اظہار کرکے تحریک آزادی کشمیر کے لیے آواز بلند کرے اور کشمیر کی آزادی کے سفیر بن کر دنیا کو بتادیں کہ ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہے۔