یوم یکجہتی کشمیر؛ملک بھرمیں عام تعطیل

539

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا ۔ یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

جنت نظیر وادی میں بھارتی فوج کی دہشتگردی کے خلاف اور کشمیر میں آزادی کی جنگ کے لییپاکستان ہر قدم ساتھ ہے۔ کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جبکہ۔سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے یوم کشمیر پر ریلیوں اور جلسوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ صدر اور وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رہے گی۔

یوم کشمیر کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔

صدر ممنون حسین آج اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیرکی مرکزی تقریب سے خطاب کرینگے۔ حریت کانفرنس کی قیادت سمیت ممتاز سیاستدان سماجی شخصیات اور دانشور بھی تقریب سے خطاب کرینگے۔ میڈیا پرکشمیریوں کی عشروں پر محیط جدو جہد کے بارے میں دستاویزی پروگرام بھی دکھائے جائینگے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن وخوشحالی کا خواب ادھورا رہے گا۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ انسانی حقوق کے منشور کا احترام کر ے اور مقبوضہ کشمیر میں فوری طورپر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

صدرممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرارادادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نا قابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی جدو جہد کیلئے اپنی غیر متزلزل سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ علاقائی امن و ترقی کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔