کشمیر کی آزادی ہی پاکستان کی تکمیل ہے،رانا عدنان خان

155

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے جے آئی یوتھ کے کارکنان نے ضلعی صدر راناعدنان خان،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجر ،نائب صدورمحمدآصف عطا،محمدسلیم انصاری، میاں خالد حسین اور راشد محمودودیگرکی قیادت میں ریلی نکالی۔ شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راناعدنان نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر کو قومی جوش و جذبے اور اس عہد کے ساتھ منایا جائے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور جب تک پاکستان کی شہ رگ کو پنجہ استبداد سے چھڑا نہیں لیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی ہی پاکستان کی تکمیل ہے۔دشمن آئے روز پاکستا ن کا پانی بند کرنے کی دھمکیا ں دے رہا ہے اس سے پہلے وولر بیراج کی تعمیر کو روکنے والے بھی کشمیری تھے جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر پاکستان کے حصے کے پانی کو بند کرنے کی بھارتی کوشش کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف کشمیری پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلیے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں اور پاکستان کا پرچم اٹھا کر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے اور بھارتی قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہورہے ہیں۔ جبکہ حکمران کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کو واضح لائحہ عمل دے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے کیا عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ دونوں طرف کے کشمیریوں کو بھی کوئی حوصلہ مل سکے۔