سینیٹ کی ٹکٹوں کی تقسیم، ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات

705

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) میں سینیٹ کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پارٹی سربراہ فاروق ستار اور رہنما عامر خان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔

پارٹی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ایم کیو ایم کے بہادر آباد دفتر میں اجلاس جاری تھا جس کے دوران اختلافات سامنے آئے ہیں۔

اختلافات کے باعث فاروق ستار اجلاس سے اٹھ کر اپنی رہائش گاہ پی آئی بی کالونی چلے گئے جہاں انہوں نے اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ایم کیو ایم کارکنان نے پی آئی بی کالونی پہنچنا شروع کردیا ہے جہاں فاروق ستار کے حق میں نعرے بازی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب بہادر آباد کا اجلاس کچھ دیر بعد دوبارہ عامر خان کی صدارت میں شروع ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سینیٹ کی نشستوں سے متعلق غور کیا جارہا تھا۔

خیال رہے کہ آئندہ ماہ ایم کیو ایم پاکستان کے 8 میں سے 4 سینیٹرز ریٹائر ہورہے ہیں جن میں کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی، ڈاکٹر فروغ نسیم، مولانا تنویر الحق تھانوی اور نسرین جلیل شامل ہیں۔ سینیٹ انتخابات 3 مارچ کو منعقد ہوں گے۔

سندھ کی دوسری سب سے بڑی جماعت ایم کیو ایم پاکستان سندھ کی 12 نشستوں پر انتخابات لڑے گی جہاں اسے 50 اراکین سندھ اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو صوبائی اسمبلی میں 94 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔