گلگت (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ نے گلگت بلتستان کی وزارت داخلہ کو خبر دار کیا ہے کہ بھارت، پاک چین اقتصادی راہداری کی تنصیبات پر حملے کروا سکتا ہے، وزارت داخلہ نے ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سیکورٹی سخت کرنے کی بھی تاکید کی۔ جی بی وزارتِ داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے گلگت بلتستان کو لیٹر نمبر 221/ آئی ایس 2018ء موصول ہوا ہے جس میں بھارت کی جانب سے سی پیک پر ممکنہ حملے کی پیش گوئی کی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے
مطابق لیٹر میں آگاہ کیا گیا کہ بھارت نے 400 نوجوان مسلمانوں کو افغانستان میں ٹریننگ کے لیے بھیجا ہے جنہیں سی پیک کے ذیلی منصوبے قراقرم ہائی وے اور دیگر اہم تنصیبات پر حملے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ لیٹر موصول ہونے کے بعد گلگت بلتستان حکومت نے سی پیک پر سیکورٹی سخت کردی۔دریں اثناء گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹری جاوید اکرام، انسپکٹر جنرل آف پولیس صابر احمد اور دیگر پولیس سمیت خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے دیامیر ضلع کا دورہ کیا اور سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ آئی جی پی صابر احمد نے بریفنگ دی کہ جی بی میں غیر ملکیوں کی نقل و حرکت پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے گلگت، دیا میر اور بلتستان کے ڈی آئی جیز کو ممکنہ بھارتی شر پسند ی کے حوالے سے خصوصی ہدایات میں کہا کہ کے کے ایچ پر خصوصی طور پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعینیاتی کو یقینی بنائیں۔