ہرماہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ قابل مذمت ہے ،حافظ عمیرفاروق

156

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 62کے امیر حافظ عمیرفاروق ،راؤشیرافگن ، راناعدنان خان نے کہاکہ ہر مہینے مسلسل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت اور حکومتی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔اس وقت عوام روزمرہ اشیا کے علاوہ دیگر شہری سہولیات پانی، بجلی، گیس کے اخراجات کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان حال ہیں جبکہ گیس دو ماہ سے شہریوں کے لیے نایاب ہے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ناگ مسلسل عوام کو ڈس رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ روزمرہ استعمال کی چیزیں، آٹا، چینی، گھی غریبوں کی قوت خرید سے دور ہو تے جا رہے ہیں ایسے میں پیٹرولیم منصوعات میں اضافہ مزید مہنگائی کا طوفان برپا کر ے گا جس کے براہ راست اثرات غریب اور متوسط طبقہ پر پڑ یں گے جبکہ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام گھروں میں فاقوں کی وجہ سے خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی عدم فراہمی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لے اور غریبوں کے حال پر رحم کرے۔