کرپٹ افراد سے لوٹی گئی دولت کی پائی پائی وصول کی جائے، میاں مقصود

98

لاہور (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں7ہزار سے زائد پاکستانیوں کی منی لانڈرنگ کے ذریعے 100ارب روپے کی جائدادیں تشویش ناک اور حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا منہ بولتاثبوت ہے۔سیاستدانوں سمیت ریٹائرڈ جنرلز، بیورو کریٹس اورسرمایہ دار طبقہ اس دوڑ میں سب سے آگے ہے۔غریب عوام ایک طرف دووقت کی باعزت روٹی کو ترس رہے ہیں،بے روزگاری نے مزدوروں کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے اور عوام کا معیار زندگی بری طرح متاثر ہوچکاہے جبکہ دوسری جانب اشرافیہ کا شاہانہ طرززندگی غریب عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جب تک لوٹ کھسوٹ کی دولت بیرون ملک سے واپس پاکستان نہیں لائی جاتی اور حکمران اپنی عیاشیاں نہیں چھوڑدیتے پاکستان میں معاشی انقلاب برپا نہیں ہوسکتا ۔ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث عوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران محب وطن بن کر سوچیں اورذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی اور قومی مفادات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہاکہ سب کو مل کر ملک وقوم کی فلاح وبہبود کیلیے اپنا مثبت کردار اداکرنا ہوگا۔مہنگائی،بے روزگاری ،لاقانونیت،دہشت گردی،لوڈشیڈنگ جیسے بڑے بڑے مسائل پریشان کن حد تک بڑھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی عاقبت نااندیش پالیسیوں سے معاشی بحران شدیدترہوتاجارہا ہے۔حکمرانوں کی لوٹ ماراور دن پر دن بڑھتی ہوئی مہنگائی وبے روزگاری کی وجہ سے غریب عوام پستے چلے جارہے ہیں۔حکومت عوام کے حقیقی مسائل سے لاتعلق ہوچکی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹیکس چوراور قومی خزانہ لوٹنے والوں کا محاسبہ وقت کا تقاضا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہواہے کہ عدلیہ نے کسی وزیر اعظم کو کرپشن کی بنیاد پر نااہل قراردے کر گھربھیجا ہے۔احتساب کایہ سلسلہ ملک میں کرپشن کے خاتمے تک رکنا نہیں چاہیے اور کرپٹ افراد سے لوٹی گئی ملکی دولت کی پائی پائی وصول کی جانی چاہیے۔