ایف بی آر میں دوہری قومیت کے حامل افسران شناخت ظاہر نہیں کررہے

113

کراچی(رپورٹ:جہانگیر سید)ایف بی آر بالخصوص پاکستان کسٹمز جیسے حساس ادارے میں دوہری قومیت کے افسران اپنی شناخت ظاہر نہیں کررہے ہیں۔ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کی جانب سے دوہری قومیت کا حامل ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے ڈیکلریشن داخل کرنے کے لیے آخری تاریخ یکم فروری مقرر کی گئی تھی۔ لیکن چند افسران کے علاوہ کسی افسر نے مقررہ تاریخ تک ڈیکلریشن داخل نہیں کیا۔ جس پرافسران کی ڈیکلریشن داخل کرنے کے لیے 6فروری کی نئی تاریخ مقرر کی تھی جس کے گزرنے پر بھی کسی افسر نے ڈیکلریشن داخل نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس اور کسٹمز افسران کو اندیشہ ہے کہ ڈیکلریشن داخل کرنے کے نتیجے میں غیر ملکی قومیت بھی رکھنے والے افسران کیخلاف کالا دھن کمانے کے کیس کھولیں جائیں گے جس سے دن کی ملازمت کے ساتھ بیرون ملک اثاثوں کی چھان بین بھی شروع کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر ملکی قومیت کے حامل پاکستانی افسران کو توقع ہے کہ جلد یہ مسئلہ ٹھنڈا پڑ جائے گا۔ کہا جاتا ہے کہ محکمے کے دوہری قومیت کے حامل افسران کے پش پشت بااثر ملکی وغیر ملکی لابیاں ہوسکتی ہیں۔