راولپنڈی، میونسپل کارپوریشن کی نا اہلی ، شہریوں کو مضر صحت گوشت کی فراہمی

108

راولپنڈی (بی این پی )راولپنڈی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ قصابوں کی چھریوں سے خو فزدہ ہو گئی یا نوٹوں کی چمک سے انہیں کچھ دکھائی نہیں دے رہا، کوئی لائحہ عمل مرتب نہ کیاگیا۔ گزشتہ ماہ شہر یوں کو ناقص اور مضر صحت گوشت سے بچانے اور کارپوریشن کی آمدنی بڑھانے کیلیے قصابوں کو رجسٹر کرنے کے فیصلے پر بھی تاحال عملدرآمد نہ ہو سکا۔سلاٹر ہاؤس کی فیس نہ دینے والے قصابوں کیخلاف بھی کارروائی نہ کی جاسکی۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی نا اہلی اورمبینہ کرپشن کی وجہ سے شہری ہزاروں روپے روزانہ خرچ کرنے کے باوجود صاف ستھرا اور صحت مند گوشت حاصل کرنے کے بجائے ناقص اور مضر صحت گوشت کھا کر بیمار ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ شہر میں چھوٹا،بڑا گوشت فروخت کرنے والے سیکڑوں پھٹے اور د کانیں موجود ہیں لیکن سلاٹر ہاؤس میں جانوروں کے ذبحہ کی شرح کم ہونے کے باعث 100فیصد ٹیکس وصولی نہیں ہورہی جس کی وجہ سے کارپوریشن کو کروڑوں روپے کا ماہا نہ نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے قصابوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ بی این پی کے مطابق ڈیمانڈ اینڈ کلیکشن کا رجسٹر بنانے کیلیے ہر قصاب کا شناختی کارڈ اور موبائل فون نمبر ریکارڈ پر لایا جا نا تھا۔ رجسٹریشن نہ ہو نے کی وجہ سے سیکڑوں قصاب دھڑلے سے اپنے پھٹوں اور دکانوں پر ناقص اور مضر صحت گوشت کی فروخت کے دھندے میں مصروف ہیں۔میونسپل کارپوریشن کی طرف سے ان کو روکنے والا کوئی نہیں ہے۔