اقوام متحدہ بھارت کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لے، میاں مقصود

78

Xلاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف کے اس بیان پر کہ ’’قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے اور کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا مؤثر جواب دیا جائے گا‘‘ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔ آئے روز بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کرکے ہمارے بے گناہ شہریوں کو شہید کررہی ہے۔ ان حالات میں پاکستان کو بھارتی مہم جوئی کا بھرپور اور مؤثر جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو ہندوستان کی جانب سے مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اقوام متحدہ بھارت، اسرائیل اور امریکا کے مفادات کا محافظ ادارہ بن گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 70 سال سے بھارت نے بدترین مظالم کی انتہا کردی ہے۔ اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری مسلمان بھارت کی درندہ صفت فوج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔ ہزاروں خواتین کی عصمت دری کی گئی جبکہ ان گنت کشمیری نوجوان بھارتی تفتیشی مراکز پر اذیت ناک مظالم برداشت کررہے ہیں۔ المیہ ہے کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین جموں وکشمیر میں بھارتی ظلم وستم پر ٹس سے مس نہیں ہورہے۔ بھارت کسی بھی صورت سی پیک کی تکمیل نہیں ہونے دینا چاہتا۔ جب سے سی پیک پر کام شروع ہوا ہے، بھارت نے کشمیر اور پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کردیا ہے۔ کیونکہ بھارت یہ سمجھتا ہے کہ اگر سی پیک منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہوگیا تو پھر جموں وکشمیر بھی جلد آزاد ہوکر پاکستان کاحصہ بن جائے گا۔ اس لیے اب بھارتی حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ بلوچستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں بھی بھارت ملوث ہے۔ حکومت پاکستان نے بھارتی مداخلت کے ثبوت امریکا اور اقوام متحدہ کو بھی پیش کیے تھے مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ اس کے باوجود جنوبی ایشیا میں امن کی تباہی کے لیے امریکا نے ہندوستان کی سرپرستی شروع کردی ہے، جس سے خطے میں حالات خراب ہورہے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے افغانستان سے بھارت کے کردار کو ختم کرنا اور جموں وکشمیر کو اس کے تسلط سے آزاد کرانا ہوگا بصورت دیگر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا۔