دینی مدارس اور علما مغربی تہذیب کے نشانے پر ہیں، مشتاق خان

210

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ دینی مدارس اور علما مغربی تہذیب کے نشانے پر ہیں، دینی مدارس، ناموس رسالتﷺ اور عقیدہ ختم نبوتﷺ کے تحفظ کے لیے مارچ میں علما و مشائخ کنونشن منعقد کریں گے۔ کنونشن میں بیس ہزار علما کو شریک کرائیں گے۔ کنونشن کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ہوں گے اور صدارت مولانا عبدالمالک کریں گے۔ علما کرام اور مدارس دینیہ تہذیبی دفاع کے قلعے ہیں۔ دینی مدارس، علما کرام، ناموس رسالتﷺ اور عقیدہ ختم نبوتﷺ کا دفاع کریں گے۔ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے، دنیا کی قیادت کے مغربی اور اسلامی تہذیبوں میں جنگ جاری ہے۔ فتح اسلامی تہذیب کی ہوگی۔ مغربی تہذیب کھوکھلی ہوچکی ہے۔ مغرب کا خاندانی نظام بکھر چکا ہے، ان کے پاس انسانیت کو دینے کے لیے کچھ نہیں۔ سودی معیشت کی وجہ سے دنیا کا معاشی نظام تباہی سے دوچار ہے۔ صرف اسلامی نظام اور نظام مصطفیﷺ ہی دنیا کے تمام مسائل کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں جمعیت اتحاد العلما کے ضلعی صدور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع، جمعیت اتحاد العلما خیبر پختونخوا کے صدر مولانا عبدالاکبر چترالی، مولانا عبدالمستان، مفتی محمد امتیاز، مولانا عبدالبر سمیت جمعیت اتحاد العلما کے اضلاع کے صدور شریک تھے۔ اجلاس میں اضلاع میں جمعیت اتحاد العلما کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور مارچ میں ہونے والے علما و مشائخ کنونشن کے لیے منصوبہ بندی کی گئی۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے ختم نبوتﷺ، اتحاد العلما، نظم المدارس اور جمعیت طلبہ کا کردار مثبت اور تاریخی ہے۔ ان تمام شعبہ جات کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ علما کنونشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شیلڈز دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سود ایک لعنت ہے، سودی معیشت کی وجہ سے دنیا میں بے چینی ہے، سودی نظام استحصالی نظام ہے، حکومت سودی معیشت کے خاتمے کا اعلان کرے۔ جمعہ کی چھٹی ختم کی گئی تو اس کی وجہ یہ بیان کی گئی کہ عالمی مارکیٹ میں اتوار کو چھٹی ہوتی ہے اور یہاں جمعہ کو اس لیے معیشت پر برا اثر پڑتا ہے، لیکن اتوار کی چھٹی کے بعد بھی ملکی معیشت تباہ ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے سیکولر قیادت کے کرتوت قوم کے سامنے آشکار کردیے۔ یہ سلسلہ جاری رہا تو قوم سیکولر قیادت سے مایوس ہوکر دینی جماعتوں کی طرف آئے گی۔