پاکستان کی ترقی میں تھر کول پراجیکٹ کلیدی کردار ادا کرےگا، لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ

1135

سندھ لیوٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے تھر بلاک 2منصوبے کا دورہ کیا

کراچی:کور کمانڈر کراچی، جنرل شاھد بیگ مرزا نے کہا ہے کہ سندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی کے زیر انتظام تھر کول بلاک ٹو کا منصوبہ دیکھ کر بحیثیت پاکستانی سر فخر سے بلند ہے، تھر فائونڈیشن کے منصوبے، مقامی لوگوں کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ملازمتوں کی فراہمی قابل تعریف اقدام ہیں. کور کمانڈر کراچی نے گزشتہ روز اپنی فیملی کے ہمراہ تھر کول بلاک ٹو کا دورہ کیا. اوپن پٹ مائیننگ، اینگرو پاور جین تھر کی جناب سے زیر تعمیر 660 میگاواٹ بجلی گھر سمیت کمیونٹی ڈولپمنٹ کے پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا.
کور کمانڈر کو سی ای او سندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی شمس الدین احمد شیخ نے پراجیکٹ پراگریس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی. دورے کے دوران کور کمانڈر جنرل شاھد بیگ مرزا نے کہا کہ سندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی کے تھر بلاک ٹو کے پورے پراجیکٹ کی تمام کوششیں دیکھ کر بیحد خوشی ہوئی ہے. پاکستان کے اندر یہ مائیننگ کا پہلا پراجیکٹ ہے اور انتہائی احسن طریقے سے سرانجام دیا جا رہا ہے. انہوں نے کہا کہ نہ صرف اینگرو والوں کے لیے فخر کی بات ہے پر میرے لیے بحیثیت پاکستانی بڑے فخر کی بات ہے.

انہوں نے کہا کہ بہت اچھا پراجیکٹ ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی ترقی میں یہ پراجیکٹ کلیدی کردار ادا کرے گا. انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ڈولپمنٹ کے حوالے سے جو اقدامات جو اینگرو کے سی ای او شمس الدین شیخ اور اینگرو ایڈمنسٹریشن نے لیے ہیں وہ قابل تعریف ہیں. انہوں نے کہا کے کسی بھی طرح کی ترقی کسی بھی علاقے میں کی جائے اور اگر اس سے مقامی افراد کو فائدہ نہیں ہو رہا ہو تو وہ متنازعہ رہتا ہے. لیکن اینگرو نے بہت اچھے طریقے سے مقامی لوگوں کی ترقی کے اقدامات اٹھائے ہیں اور صحت، تعلیم، اور رہائش کے لیے اتنے بہترین پراجیکٹ پلان کیے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس کے ذریعے یہاں کے لوگ پراجیکٹ کو اپنا سمجھیں گے اور خود بھی اس میں شامل ہونگے.
انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی دوسری خوش آئند بات اینگرو کی جانب سے مقامی تھریوں کو ملازمتوں کی فراھمی ہے. انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ پاکستان کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا. انہوں نے کہا سی پیک کے جتنے بھی پراجیکٹ ہیں وہ پاکستان کے لیے اور پاکستان آرمی کے لیے بڑی اہمیت کے حامل ہیں، کیونکہ ان کے ملکی ترقی پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے. انہوں نے کہا کہ سندھ میں سی پیک پراجیکٹس کی سیکیورٹی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے. پاکستان آرمی اور اس کے ساتھ زیلی ادارے مل جل کر ان کی سیکورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کیے ہوئے ہیں.. انہوں نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹ منتظمین کو سیکورٹی کے حوالے سے ہمارا بھرپور تعاون حاصل ہے اور وقت بہ وقت ان کی سیکورٹی آڈٹ کرتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ جو لوگ یہاں پے کام کر رہے ہیں وہ امن و سکون کے ساتھ کام کریں اور یہ پراجیکٹس کامیاب ہو. کور کمانڈر کراچی نے مائیننگ، پاور پلانٹ سمیت بائیو سیلائن، ماڈل ھائوس، گرین پارک کا بھی دورہ کیا اور گاؤں مانسنگھ بھیل میں تھر فاؤنڈیشن پرائمری اسکول کی تقریب میں بھی شرکت کی اور گاؤں کے لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے.