بدعنوان اور سیکولر قوتوں نے ملکی نظام مفلوج کردیا ہے‘ میاں مقصود

273

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ضروریات زندگی کی اشیا غریب طبقے کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔دووقت کی روٹی کے حصول کی خاطر اسکول جانے کی عمر میں معصوم بچے اپنے غریب والدین کاہاتھ بٹانے کے لیے محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ عوام الیکشن میں خوشحالی کے دشمنوں کو مسترد کردیں۔ کرپشن کے ناسور نے ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ ایک طرف ملک میں لاقانونیت کی انتہا ہے تو دوسری طرف کرپٹ اور سیکولرقوتوں نے سارے نظام کو مفلوج کردیا ہے۔ عوام مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے دینی جماعتوں کو آگے لائیں بصورت دیگر ان کے مسائل ختم ہونے کی بجائے بڑھتے ہی چلے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں’’وزیر اعلیٰ روزگار اسکیم‘‘کے تحت اگرگزشتہ 6برسوں میں40ارب روپے کے بلاسود قرضے18لاکھ50ہزارخاندانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں توصوبے میں بے روزگاری اور غربت میں کمی کے بجائے اضافہ کیسے ہوگیا؟،روزگار اسکیم کی تحقیقات ہونی چاہییں۔ شہباز شریف کی ماضی میں چلائی جانے والی بہت ساری اسکیموں میں خوردبردکی داستانیں سامنے آچکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے آج بھی ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد 40 فیصد سے زیادہ ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ پڑھے لکھے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ملکی حالات سے دلبرداشتہ ہوکر بیرون ملک کارخ کررہے ہیں۔جس ملک میں ارکان پارلیمنٹ کی بولیاں لگتی ہوں وہاں قانون وانصاف کی بات نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں لاقانونیت بڑھ گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے پنجاب میں پولیس مقابلوں پرازخود نوٹس خوش آئند ہے۔عدالت رسوائے زمانہ پولیس انسپکٹر عابد باکسر کے حوالے سے عدالتی کمیشن بنائے اور پردے کے پیچھے چھپے گھناؤنے کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایاجانا چاہیے۔