ن لیگ نے جہانگیر ترین کی نشست بھی جیت لی

299

لودھراں(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے لودھراں کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے جہانگیر ترین کی نشست بھی جیت لی ہے۔سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تمام 338 پولنگ اسٹیشنز سے نتائج سامنے آ چکے ہیں ۔ غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے لحاظ سے ن لیگ کے پیر اقبال شاہ نے 116590 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ جہانگیر ترین کے صاحبزادے تحریک انصاف کے علی ترین 91230 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔اس طرح ن لیگ کو تحریک انصاف پر 25360 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔اس کے علاوہ تحریک لبیک کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ملک محمد اظہر10 ہزار275 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار
مرزا محمد علی بیگ صرف 3 ہزار 189ووٹ ہی حاصل کرسکے۔پیر کوہونے والے رواں پارلیمانی مدت کے آخری انتخابی معرکے میں10امیدوار مدمقابل تھے۔واضح رہے کہ کامیاب ہونے والے پیر اقبال شاہ شہر کے ممتاز مذہبی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے صاحبزادے دنیا پور سے نون لیگ کے ایم پی اے ہیں۔نون لیگ کے امیدوار کی کامیابی کا امکان روشن ہوتے ہی لیگی کارکنان گھروں سے باہر نکل آئے اور جشن منانا شروع کر دیا۔ متوالوں نے فتح کی خوشی میں بھنگڑے ڈالے۔ لیگی کارکنان نے شیر اِک واری فیر کے بھرپور نعرے بھی لگائے۔اس موقع پرہوائی فائرنگ بھی کی گئی اور الیکشن کمیشن کی پابندیوں کو ہوا میں اڑا دیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شہباز شریف نے این 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اپنی پارٹی کے امیدوار کو مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ثابت کردیا عوام کو ن لیگی قیادت اور پالیسیوں پراعتماد ہے، ایک بار پھر امانت، دیانت اور خدمت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو شکست فاش ہوئی ہے، عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرکے واضح پیغام دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، لودھراں ضمنی انتخاب، نتائج انتشار اور منفی سیاست کرنے والوں کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے، مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ اس طرح سے فریب اور دھوکے کو شکست دیتا ہے، نوازشریف کے خلاف سازشوں کو اللہ نے نوازشریف کی طاقت بنا دیا! اب بھی سمجھ جاؤ، فیصلے اللہ کے چلتے ہیں ! اسی نظام پر دنیا قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے واضح کر دیا کہ ووٹ کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیا جائے گا اور نواز شریف کی قیادت میں ووٹ کی حْرمت کا کارواں منزل پر پہنچ کر ہی دم لے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کے فیصلوں کی توہین ہوتی ہے تو ان کے فیصلے بھی سخت ہوجاتے ہیں، ان کے وزیر اعظم کو نکالا جائے تو وہ بھی نوٹس لیتے ہیں۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ نواز شریف کو نواز رہا ہے۔وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں ووٹرز بولے اور پاکستان کے لوگ ترقی پسند سیاست کے مقابلے میں دھرنے کی سیاست کو مسترد کر دیں گے۔