کراچی (اسٹا ف رپورٹر) چینی قونصلیٹ نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کے اقدامات کے تحت امن فاونڈیشن کی لائف سیونگ ایمبولینس پروگرام کی معاونت کے حوالے سے شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔اس شراکت داری کا اعلان امن فاونڈیشن کے مرکزی صدر دفتر میں وویمن ایمپاورمنٹ کے حوالے سے منعقدہ تعارفی تقریب میں کیا گیا۔امن ٹیک میں وویمن ایمپاورمنٹ کے حوالے سے شروع کئے جانے والے وویمن ووکیشنل تربیتی پروگرام میں معاشرے کے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو خود مختار اور باصلاحیت بنانے پر توجہ دی جائیگی،صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ گورنمنٹ نے چھ لاکھ عورتوں کی تربیت کی اور آج وہ خواتین اپنا روزگار کما رہی ہیں،سندھ گورنمنٹ نے عورتوں کی تربیت کے پروگرام کو سات ڈسٹرکٹ سے بڑھا کر اٹھارہ ڈسٹرکٹ تک کردیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے بہت اہم ہے ،اور چائنہ نے ہمیں اس وقت سپورٹ کیا جب کوئی ہمارا ساتھ دینے کو تیار نہیں تھا۔سی پیک کی کامیابی کا اندازہ دشمنوں کی سی پیک مخالف سرگرمیوں سے لگایا جا سکتا ہے۔اس تقریب میں کراچی میں تعینات چینی قونصل جنرل وانگ یو ،صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سید ناصر حسین شاہ اور امن فاونڈیشن کے سینکڑوں معاون کار بھی موجود تھے۔امن فاونڈیشن کی فلیگ شپ امن ایمبولینسز اب تک ساڑھے نو لاکھ سے زائد مرتبہ خدمات انجام دے چکی ہیں،پاکستان میں ہنگامی صورتحال میں مریضوں کی جانب سے ایمبولینس کے استعمال کی شرح انتہائی کم ہے جبکہ ملک میں دستیاب ایمبولینسز نہ صرف ضروری طبی سامان سے محروم ہے جبکہ ان یمبولینسز میں تربیت یافتہ طبی عملہ بھی موجود نہیں ہوتاجبکہ امن فاو نڈیشن کی لائف سیونگ ایمبولینسز نہ صرف ضروری طبی آلات سے لیس ہیں بلکہ ان ایمبولینسز میں ماہر تربیت یافتہ طبی عملہ بھی موجود ہوتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل وانگ یو کا کہنا تھا کہ ہمارا مکمل یقین ہے کہ ہم جس معاشرے میں رہتے اور کام کرتے ہیں وہاں کے باسیوں کی مکمل معاونت کی جائے ،پاکستان کی ترقی میں چین نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے اور سی پیک منصوبہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔سی پیک منصوبے کے تحت انفرا اسٹریکچر،توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں متعدد منصوبے پہلے ہی مکمل کئے جاچکے ہیں،پاکستان میں چین کی بڑھتی ہوئی تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کے باعث اب چینی کاروباری افراد کیلئے اور بھی لازم ہوگیا ہے کہ وہ مقامی افراد کے ساتھ اپنے رابطوں کو مزید مضبوط کریں اور مقامی کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کیلئے معاونت فراہم کریں،ان کا کہنا تھا کہ ہم امن فاونڈیشن کو ایمبولینس کا عطیہ دینے پر انتہائی خوش و مطمئن ہیں کیونکہ امن فاونڈیشن کی ایمبولینسز صوبہ سندھ میں ہزاروں مریضوں کی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے ،ہم امن فاونڈیشن کیلئے دعا گو ہیں اور یقینی طور پر مستقبل میں بھی امن فاونڈیشن کو ہمارا مکمل تعاون حاصل رہے گا،صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ امن فاونڈیشن کی جانب سے وویمن ایمپاورمنٹ کیلئے شروع کئے جانیوالے اس پروگرام سے انقلاب کی ایک نئی لہر پیدا ہوگی ،ہمارا مکمل یقین ہے کہ ایک مضبوط اور خود مختار خاتون نہ صرف اپنے لئے مفید ثابت ہوسکتی ہے بلکہ ایسی خواتین معاشرے کیلئے بھی اثاثہ بن سکتی ہیں،انہوں نے امن فاویشن کو ٹھٹھہ اور سجاول میں امن ایمبولیسنز کے آپریشنز شروع کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کیلئے اپنی نیک تمناوں کا بھی اظہار کیا ،امن فاونڈیشن کے سی ای او ملک احمد جلال نے ایمبولینس کے عطیہ پر چینی قونصلیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے کراچی کے شہریوں کی خدمت کیلئے چین بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔