آزادی کے نام پر ملک میں فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جارہاہے

105

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے رہنماسردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ ،رانا وسیم احمد، محبوب الزماں بٹ،غلام عباس خان، انجینئر عظیم رندھاوا نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پرچناب کلب میں محفل موسیقی ،خواتین کو سرخ ڈریس پہن کرکپل ڈنر میں شرکت جیسے پروگرام کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت کلمہ کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں بڑے پیمانے پر مسلم معاشرے کی بنیادی قدروں کو بدل کر مغربی تہذیبی اور ہندوانہ رنگ میں ڈھالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آزادی کے نام پر ملک میں فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جارہاہے ۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مغربی تہذیبی یلغار کے آگے بند باندھنے کی کوشش نہ کی گئی تو نہ صرف ہمارا خاندانی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائے گا بلکہ ہماری نئی نسل اسلامی تہذیب سے بیگانہ ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ ہم فحاشی عریانی کے اس بڑھتے ہوئے سیلاب کو روکنے کیلیے اپنا بھرپورکردار ادا کریں اور اپنے گھر، خاندان اور تمام احباب میں اسلام کا تصورِ قناعت واضح طور پر پیش کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر جب حکومت نے خود پیمرا کو الیکٹرونک میڈیا پر ان خرافات کی تشہیر سے روک دیا ہے ،ایسے پروگرامات کو جاری رکھنا ضلعی انتظامیہ کے لیے بھی ایک چیلنج ہے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے فوری طور پر اس پروگرام پر پابندی لگائی جائے ۔