اسٹیٹ بینک نے برآمدکنندگان کے لیے طویل مدتی شرعی فنانسنگ سہولت جاری کردی

585

کراچی برآمدکنندگان کی طویل عرصے سے موجود طلب کو پورا کرنے کے لیے روایتی طویل مدت فنانسنگ سہولت کا شریعت سے ہم آہنگ متبادل فراہم کرنے کی خاطر بینک دولت پاکستان نے مضاربہ کی بنیاد پر اسلامی طویل مدت فنانسنگ سہول (ILTFF) جاری کردی ہے۔ اسٹیٹ بینک 2008سے برآمدکنندگان کو درآمد شدہ اور مقامی طور پر تیار کردہ پلانٹ اور مشینری کے لیے رعایتی فنانسنگ کے حصول کا موقع مہیا کرنے کے لیے کمرشل بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کے ذریعے پلانٹ اور مشینری کی طویل مدت ری فنانس سہولت فراہم کررہا ہے

، تاہم اس کا کوئی شریعت سے ہم آہنگ متبادل موجود نہ تھا اس لیے یہ سہولت اسلامی بینکاری اداروں کے ذریعے حاصل نہیں کی جاسکتی تھی۔آئی ایل ٹی ٹی ایف سے برآمد کنندگان کو اہل اسلامی بینکاری اداروں سے درآمد شدہ اور مقامی طور پر تیار کردہ نئے پلانٹ اور مشینری کی خریداری کے لیے اسٹیٹ بینک کی طویل مدت ری فنانس سہولت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ یہ سہولت برآمدی منصوبوں کے لیے دستیاب ہوگی ،اگر ان کی سالانہ برآمد کم از کم پچاس لاکھ ڈالر یا مجموعی فروخت کا کم از کم پچاس فیصد ہو، ان میں سے جو رقم بھی کم ہو۔ آئی ایل ٹی ٹی ایف کے تحت فنانسنگ کی مدت دس سال سے زیادہ نہ ہوگی

جس میں زیادہ سے زیادہ دو سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے جبکہ اس سہولت کی فنانسنگ کے حصول کی زیادہ سے زیادہ حد 1.5 ارب روپے ہوگی۔ شریک اسلامی بینکاری ادارے اس سہولت کی منظوری دینے سے قبل اپنی فنانسنگ پالیسی کے مطابق ضروری جانچ پڑتال کریں گے اور یہ تمام عمل ہر قسم کے کسٹمر کے لیے اسٹیٹ بینک کی مقرر کردہ پراڈنشل ریگولیشنز سے مشروط ہوگا،اسلامی بینکاری ادارے اسٹیٹ بینک کے متعلقہ ڈپارٹمنٹ کو درخواست دے کر اسکیم میں شریک ہوسکتے ہیں۔ اسکیم کے تحت روایتی بینکوں کی اسلامی بینکاری برانچیں بھی حد مختص کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک کو درخواست دے سکتی ہیں بشرطیکہ یہ حد آئی ایل ٹی ایف ایف کے تحت استعمال کے لیے ایل ٹی ایف ایف کی حد کے 20 فیصد سے زیادہ نہ ہو،یہ اسٹیٹ بینک کے عزم کا ایک اور ثبوت ہے جو ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ اور اس کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے۔

اسٹیٹ بینک اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مسلسل کاوشوں کی بنا پر مجموعی بینکاری شعبے کے اثاثوں اور ڈپازٹس میں اسلامی بینکاری صنعت کا مارکیٹ میں حصہ آخر دسمبر 2017تک بڑھ کر بالترتیب 12.4 فیصد اور 14.5 فیصد ہوگیا، پچھلے دس برسوں سے اسلامی بینکاری صنعت کے ڈپازٹس 25 فیصد سے زائد کی مرکب سالانہ شرح نمو سے بڑھ رہے ہیں، اس وقت پانچ مکمل اسلامی بینک اور اسلامی بینکاری برانچیں رکھنے والے 16 روایتی بینک ملک بھر میں پھیلی ہوئی 2581 سے زائد برانچوں کے نیٹ ورک کے ذریعے شریعت سے ہم آہنگ پراڈکٹس اور خدمات فراہم کررہے ہیں۔