کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی جو کھیلوں کے میدان اور تفریحی گاہ کے لئے مختص کی گئی تھی، پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کرکے کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات مہیا کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
یہ بات کے ڈی اے ایڈوائزر برائے کھیل جنید علی شاہ نے ڈائریکٹر اسپورٹس خرم عارف علی رضوی سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے ڈائریکٹر اسپورٹس کو کھیل کے میدانوں کے لئے مختص کی گئی کے ڈی اے اراضی کا سروے کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات کے دوران ڈائریکٹر اسپورٹس نے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں جبکہ کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے کے لئے کے ڈی اے اراضی لیز کی مدت وقت میں کمی کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعدازاں ڈائریکٹر اسپورٹس نے حالیہ قبضہ مافیا سے واگزار کرائے گئے کھیل کے میدانوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران ایڈوائزر برائے اسپورٹس ڈاکٹر جنید علی شاہ ، ڈائریکٹر اسپورٹس خرم عارف علی رضوی، ایاز منشی، مجاہد حسین، میڈیا کو آرڈی نیٹر فرمان شاہ و دیگر افسران موجود تھے۔