لیبیا کشتی حادثہ: 11 پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئیں

110
راولپنڈی: لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں وطن پہنچنے کے بعد ائر پورٹ سے باہر لائی جارہی ہیں
راولپنڈی: لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں وطن پہنچنے کے بعد ائر پورٹ سے باہر لائی جارہی ہیں

راولپنڈی (آن لائن) لیبیا کے ساحل پر کشتی ڈوبنے کے واقعے میں جاں بحق 11 پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئیں، میتیں وصول کرنے کے لیے لواحقین کی آمد پر ان کی رہنمائی کے لیے سول ایوی ایشن کی جانب سے نامناسب انتظامات کی وجہ سے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق 11 پاکستانیوں کی میتیں بدھ کی سہ پہر سعودی ائر لائن کی پرواز ایس وی 722 سے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آباد پہنچیں۔ اس موقع پر وزارت خارجہ، سول ایوی ایشن اور اوور سیز پاکستانیوں کے حکام موجود تھے۔ جنہوں نے میتیں طیارے سے وصول کر کے کارگو سینٹر منتقل کیں اوراپنی موجودگی میں میتوں کو ورثا کے حوالے کیا اس دوران میتوں کی ان کے علاقوں میں منتقلی کے لیے ایدھی سمیت حکومتی اور فلاحی اداروں کی ایمبولینس پی آئی اے کارگو میں موجود تھیں۔ اس موقع پر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین نے حکومت سے ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ والدین اور اہلخانہ اپنے بچوں کو غیر قانونی طریقے سے باہر بھجوانے سے روکیں۔