اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام کتب میلہ اختتام پذیر ہو گیا ۔

1018

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام جامعہ کراچی کی مقبول ترین سرگرمی KUBF 2018 اختتام پذیر ہو گیا ۔ کتب میلے کے پہلے دن نائب امیر جماعت اسلامی محمد حسین محنتی اور اسٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر عاصم علی نے افتتاح کیا۔دوسرے دن کا افتتاح سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،اورامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کیا۔

تیسرے دن کا افتتاح ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد عامر ناگرااو رناظم کراچی حمزہ صدیقی نے کیا۔ اس موقع پر میلے سے استفادہ حاصل کرنے والے طلباء بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ناظم اعلیٰ جمعیت محمد عامر کا کہنا تھا کہ طلبہ یونین پر پابندی ہونے کے باوجود جمعیت گذشتہ تین دہائیوں سے تعمیری سرگرمیاں منعقد کرتی چلی آرہی ہے،اور ان پروگرامات سے پاکستان بھر کے لاکھوں طلباء مستفید ہوتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ جمعیت اس بات کا پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ حکمران تعلیم کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں،اور جو وعدے انتخابات میں کئے جاتے ہیں انکو پورا کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جمعیت کا مشن ملک و قوم کی تعمیر و ترقی سے وابستہ ہے اور اسی مشن میں جمعیت گذشتہ ستر سالوں سے اپنا کردار ادا کرتی آرہی ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں طلباء کے لئے سب سے انوکھی اور مثالی پروگرامات کرنے کا اعزاز جمعیت کو ہی حاصل ہے۔ جمعیت کراچی تا گلگت سینکڑوں کتب میلے، کیریئر کاؤنسلنگ،ٹیلنٹ ایوارڈ اور مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرنے والی واحد طلباء تنظیم ہے،اور یہی وجہ ہے کہ جمعیت کو طلباء کی مقبول ترین جماعت ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں کتب کے حوالے سے طلباء میں بڑی عدم دلچسپی پائی جاتی ہے، جبکہ جمعیت کی جانب سے اس قسم کی منفرد اور مقبول ترین سرگرمی کا انعقاد طلباء کومطالعہ کے قریب لانے کا باعث ہے۔

حمزہ صدیقی کا کہنا تھا کہ طلباء یونین پر پابندی کے نتیجے میں نئی آنے والی نسلوں کی تعمیری صلاحیتوں کو زنگ لگا دیا گیا،جس کے نتیجے میں موجودہ دور کے نوجوان قائدانہ صلاحیتوں سے محروم نظر آتے ہیں۔اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان پر ایک جاہل اور مفاد پرست ٹولے کی اجارہ داری قائم ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ جمعیت کا اپنی ٹیم،صلاحیتیں اور سرمایہ تعلیمی و تعمیری میدان میں خرچ کرنا اس بات کی دلیل ہے ہم اس ملک کی تعمیر کرنے والے لوگ ہیں،اور اجالوں کے پیامبر ہیں۔

ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی میں سالانہ بنیاد پر سینکڑوں غیر نصابی سرگرمیاں منعقد ہوتی ہیں، جن میں جمعیت کے کتب میلے کو اول اور پسندیدہ ترین سرگرمی کا اعزاز حاصل ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس پروگرام کے آغاز میں ہی ہزاروں طلباء شریک ہورہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون ہونے کا باوجود طلباء اپنے نمائندے منتخب نہیں کرسکتے۔ جامعہ کراچی میں فی الفور طلباء یونین کے انتخابات کروائے جائیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شیخ الجامعہ جامعہ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے یونیورسٹی گرانٹ کا مطالبہ کریں،جماعت اسلامی ان کی ہمایت کرے گی۔