حکومت بہانوں کے بجائے بھارتی حملے بند کروائے ،عدنان خان

125

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خان نے کہا ہے کہ حکومت بہانے اور کمزوری دکھانے کے بجائے فی الفور بھارتی حملے بند کروائے۔موجودہ حکومت جمہوری طریقے سے منتخب ہوئی ہے لہٰذا حکمرانوں کوچاہیے کہ وہ عوامی رائے عامہ کا احترام کرکے ملک میں جاری بھارتی حملے بند کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے باربار ملکی سرحدوں کی خلاف ورزی اور حملے ملکی سا لمیت کے لیے خطرہ ہیں۔ خداتعالیٰ نے ملک پاکستان کو بہت سارے وسائل وانعامات سے نواز ا ہے۔پاکستان نے ایٹمی قوت حاصل کرکے پوری عالم اسلام کا سر فخر بلند کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حملوں کا جواب دینے کی صلاحیت کے باوجود حملوں کا جواب نہ دینا اپنی قوم پر ظلم ہے اب حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ ان حملوں کو روکیں یا ان کا منہ توڑ جواب دیں۔ انہوں نے ملک میں بڑھتے ہوئے بھارتی اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومتی اہلکار بھارتی ایجنٹوں کا کام کررہے ہیں تو دوسری جانب انہوں نے خود ملک میں اپنے جاسوس چھوڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے خارجہ خصوصاً بھارت کے حوالے سے واضح پالیسی بنائے۔