کرپشن اور بدعنوانی نے پورا نظام مفلوج کردیا ہے، میاں مقصود

354

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے صوبائی دفتر منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں،مہنگائی،بے روزگاری اور لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے،کرپشن اوررشوت خوری نے پورے نظام کو کرپٹ کردیا ہے،لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی رشوت دینی پڑتی ہے،کرپشن اور بدعنوانی کے باعث پورانظام ہی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے،قومی اسمبلی میں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے ڈیزل پر40 روپے 74پیسے اور پیٹرول پر34 روپے 24 پیسے فی لیٹرٹیکس وصولی کاانکشاف تشویش ناک ہے۔ حکمرانوں نے ہر چیز پر ٹیکس لگارکھا ہے جس سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ یوں محسوس ہوتاہے جیسے حکمرانوں کو لوٹ مارکرنے کے سواکچھ نہیںآتا ۔ آئے روزمیگااسکینڈلزمنظرعام پر آرہے ہیں۔ پروجیکٹس میں بڑے بڑے کمیشنزکھانے کی خبریں بھی ملکی میڈیا میں آتی رہتی ہیں۔ساراحکومتی نظام علی باباچالیس چورکے مترادف ہے۔کرپشن کی دلدل نے قومی اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔ملک میں روزانہ کی بنیادپر کروڑوں اربوں کی کرپشن ملکی معیشت کے لیے زہر قاتل ہے۔اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن اور کمیشن کابازار گرم ہے مگرانسداد بدعنوانی کے ادارے بے بس نظر آتے ہیں بلکہ الٹاان اداروں کے اندر بھی کرپٹ عناصر موجود ہیں جوناسورکی طرح ملک کی جڑوں کو کھوکھلاکررہے ہیں۔احتسابی اداروں میں جب چور اور کرپٹ افراد بیٹھے ہوں گے تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیسے ہوگا؟۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نیب سمیت انسداد بدعنوانی کے تمام اداروں میں موجودان کالی بھیڑوں کا بھی قلع قمع ہونا چاہیے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ قومی اسمبلی میں5سال کے دوران 17862 بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کے واقعات کاانکشاف لمحہ فکر ہے۔اس سے معاشرتی گراوٹ کاپتا چلتا ہے۔ معاشرے کے ہر فردکو اس حوالے سے اپنی ذمے داری اداکرنی ہوگی۔معصوم بچوں کے ساتھ جنسی کھلواڑ کرنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔اس میں ملوث افراد کو مقام عبرت بناکر ہی ہم اس گھناؤنے فعل کو ختم کرسکتے ہیں۔