کو ئٹہ، اوستہ محمد، صوابی، ہنگو، مختلف حادثات وواقعات میں خواتین سمیت 8افراد جاں بحق

234

کو ئٹہ، اوستہ محمد، صوابی، ہنگو،خیبر ایجنسی، بونیر،ہری پور(آئی این پی، اے پی پی)مختلف حادثات وواقعات میں خواتین سمیت 8افراد جاں بحق جبکہ منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی میں ملزمان منشیات و اسلحہ سمیت گرفتار کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں ایک شخص نے گھریلو رنجش کی بنا پر اپنی اہلیہ اور ساس کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیاہے ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی ایک شخص سید مہدی نے گھریلو رنجش کی بنا پر فائرنگ کرکے اپنی اہلیہ بی بی ستارہ اور ساس بی بی بختاور کو قتل کرکے خودکشی کرلی ۔ پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ جائے وقوع سے موقع واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ۔ قلات کے قریب تیز رفتار کارکی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے ۔لیویز کے مطابق جمعرات کو قلات قومی شاہراہ مہلبی کے مقام پر تیز رفتار کا رنے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں منیر احمد اور محمد نواز نامی شخص موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔ لیویز نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پرپہنچ کر لاشوں کو قلات اسپتال منتقل کردیا ۔لیویز نے کار کواپنی تحویل میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈرائیور سے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔سبی ٹول پلازہ کے قریب روڈ حادثے میں ایک شخص جان کی بازی ہارگیاہے۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز سبی ٹول پلازا کے قریب سڑک حادثے میں وسیم شاہ نامی نوجوان جان کی بازی ہارگیاہے جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔ متوفی مستونگ کے علاقے پڑنگ آباد کا رہائشی بتایا جارہاہے ۔بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد میں غیرت کے نام پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنی اہلیہ کو قتل کردیا ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز اوستہ محمد کے علاقے پولیس تھانہ کی حدود گوٹھ ریحان جمالی میں سلطان لانگا نامی شخص نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے اپنی اہلیہ مسمات(ا) کو قتل کردیا اور فرارہوگیا۔پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا۔مزیدتفتیش متعلقہ پولیس کررہی ہے ۔ صوابی کے علاقے ٹوپی میں سودخوروں سے تنگ آکر ایک شخص نے خود کو گولی مارکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا ۔ ٹوپی کے رہائشی جہانزیب ولد جان محمد نے کسی سے پیسے اُدھار لیے تھے ،اُدھار چکانے کیلیے اُنہوں نے 50لاکھ روپے مالیت کا گھر بھی سودخوروں کے ہاتھوں اونے پونے داموں فروخت کیا تھا لیکن پھر بھی اُنہوں نے اُس کا پیچھا نہیں چھوڑا جس پر جہانزیب نے تنگ آکر اپنے آپ کو گولی ماردی جبکہمقتول تین بچوں کا باپ تھا ۔لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے تورسمت میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں قبائلی رہنما جاں بحق اور 2افراد زخمی ہو گئے۔ جمعرات کو لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے تورسمت میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہو ا جس کے نتیجے میں قبائلی رہنما ملک شاہ جاں بحق اور2افراد زخمی ہو گئے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق قبائلی رہنما کار میں اورکزئی ایجنسی سے ہنگو جا رہے تھے کہ ان کی کار بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ لاش اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خیبرایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں پاک افغان شاہراہ پر دو ٹرالروں کے درمیان تصادم ہواجس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے ،جبکہ دونوں گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں ۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ شیخوال فرش کے قریب پیش آیا ہے جہاں پر افغانستان سے آنے والے کنٹینر اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر آپس میں ٹکرا گئے جن میں سوار تین افراد حبیب اللہ ، فرہاد،حکیم شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلیے ایجنسی ہیڈکوارٹراسپتال لنڈی کوتل منتقل کردیا گیا جہاں سے ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں مزید علاج کیلیے پشاور منتقل کردیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیٹیکل انتظامیہ کے تحصیلدار شمس السلام خاصہ دار اور لیویز فورس کے اہلکار اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد امدادی کارروائیوں کیلیے جمع ہوگئی ہے اور آخری اطلاعات آنے تک جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نوید احمد کی نگرانی میں چالیس کلو گرام مختلف قسم منشیات جلادی گئی ،پولیس اسٹیشن ناوہ گئی ، ڈگر اور گاگرہ کی حدود میں مختلف کارروائیوں کے دوران 40کلوگرام چرس ملزمان سے برآمد کی گئی تھیتمام ضبط شدہ منشیات میں چرس ،چیئروین،آئس اور دیگر شامل تھی ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سول جج نوید احمد کی نگرانی میں گزشتہ روز اعلیٰ کوالٹی کی منشیات جو چالیس کلوگرام تک تھی ،کو عدالت کے سامنے آگ لگاکر ناکارہ بناکر جلادی گئی۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہاکہ منشیات معاشرہ کیلیے ناسور ہے اس کے استعمال سے معاشرہ بگڑ جاتاہے ، زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی مشترکہ ذمے داری ہے کہ اس ناسور کا مکمل خاتمہ کرکے آنے والی نسلوں کو بچایاجائے ۔منشیات ناکارہ بنانے کے موقع پر عدالتی اسٹاف محمد حسین ،عبداللہ ،سیدزمین شاہ اور زین العابدین و دیگر بھی موجود تھے ۔ 3روز قبل تھانہ سرائے صالح کی حدود گھیبہ روڈ پر افغان ڈرائیور کو نا معلوم ملزمان نے گاڑی چھین کر ہاتھ پاؤں باندھ کر بے دردی سے قتل کر دیا تھا اور فرار ہوگئے جبکہ پھگنیاں گدوالیاں سری کوٹ میں گھر کے دروازے پر رات گے ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا اور ملزمان فرار ہو گئے تین روز گزرنے کے باوجود تاحال دو اندھے قتل کی وارداتوں کے ملزمان گرفتارنہیں ہو سکے ہیں، قاتلوں کی شناخت تک نہ ہو سکی اور نہ ہی ملزمان گرفتار ہو سکے جس سے علاقے بھر میں خوف ہراس پایا جاتا ہے۔ قبل ازیں ہونے والی قتل کی وارداتوں کے ملزمان کو بھی آج تک پتا نہ چل سکا جس سے خیبرپختونخواکی مثالی پولیس کی کارکردگی سامنے آچکی ہے، اکثر وارداتوں کے ملزمان خود تھانے پیش ہوجاتے ہیں جسے پولیس اپنی کارکردگی شو کر دیتی ہے حالانکہ مثالی پولیس ملزمان کے گھروں کی خواتین کی تذلیل کرتی ہے ان کو تھانوں میں لاکر ذلت آمیز رویہ اپنانے کے ساتھ ان کو نازیبا ہراسا ں کرتی ہے ۔ملزمان اپنی عورتوں کی عزت بچانے کے لیے خود پولیس اسٹیشن آکر گرفتاری دے دیتے ہیں اور جن کرپٹ اہلکاروں کی انکوائری لگی ہوتی ہے یا ان کو معطل کیا گیا ہوتا ہے ملزمان کی گرفتاری ان کی پروگرس رپورٹ ظاہر کر دی جاتی ہے تاکہ ان کو ریلیف دے کر سزاؤں سے بچایا جا سکے، دو اندھے قتل کی پے درپے وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔ شہریوں سنجیدہ حلقوں نے صحافی بخش الٰہی سمیت تمام وارداتوں کا سراغ لگانے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔