شہر قائد میں رجسٹرڈ نکاح خواں عوام سے لوٹ مار میں مصروف ہوگئے ۔

687

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)شہر قائد میں رجسٹرڈ نکاح خواں عوام سے لوٹ مار میں مصروف ہوگئے ہیں نکاح پڑھانے کے لیے 5ہزار روپئے فیس اور حق مہر کی رقم پر2فیصد اضافی ٹیکس کی وصولی شروع کردی ۔

بلد یہ عظمی کراچی اور کمشنر کراچی خاموش تماشائی بن گئے ۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں رجسٹرڈ نکاح خواں عوام سے لوٹ مار میں مصروف ہوگئے ہیں اس طرح کا ایک واقع بلدیہ جنوبی کے صدرزون کی یوسی نمبر 22کے رجسٹرڈ نکاح خواں نے گذشتہ روز نکاح پڑھانے کی مد میں 5ہزار رو پے فیس وصولی کی جبکہ50ہزار سے زائد حق مہر رکھنے پر2فیصد اضافی ٹیکس عائد کرتے ہوئے5لاکھ حق مہر لکھوانے پر مزید 10ہزار روپئے وصول کیے

اس طرح نکاح خواں نے ایک نکاح پڑھنے کے15ہزار فیس وصول کی ۔لیکن رسید دینے سے گریز کررہے ہیں اور نکاح نامے پر فیس بھی درج نہیں کی گئی اور نہ ہی دوفیصد اضافی ٹیکس کا ذکر کیا گیا۔

جب اس سلسلے میں یوسی نمبر22کے سیکریٹری سے تصدیق کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ نکاح خواں کی رجسٹریشن فیس 2ہزار روپئے فی سال مقرر ہے ۔صرف 2ہزار روپے ادا کرکے لامحدود نکاح رجسٹرکروائے جاسکتے ہیں ۔5ہزار فیس وصول کرنا غیر قانونی ہے ۔جبکہ حق مہر تحریر کرنے پر کوئی ٹیکس مقرر نہیں کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں متا ثرین نے بلد یہ عظمی کراچی کے میئر اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ زائد فیس وصول کرنے پر نکاح خوانوں کے خلاف کاروائی کرکے انکی رجسٹریشن منسوخ کی جائے ۔