قومی اداروں کی نجکاری تشویشناک ہے، ملازمین کا معاشی قتل نہیں ہونے دینگے ، میاں مقصود

192

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل مل کو 30 سال لیز پر دینے اور پی آئی اے کے 49 فیصد شیئرز کی فروخت کی اطلاعات تشویش ناک ہیں۔ حکمران شروع دن سے قومی اداروں کو اونے پونے فروخت کرکے اپنی نااہلی چھپانا چاہتے ہیں۔ ان اداروں سے ہزاروں مزدوروں کا روزگار وابستہ ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت مزدور طبقات کامعاشی قتل کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکی ہے۔غرہزاروں ملازمین کامعاشی قتل نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالا مال بنایا ہے۔ معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں مگر بدقسمتی سے حکمران ان سے استفادہ کرنے کی بجائے قومی اثاثوں کو غیر ملکی کمپنیوں کے ہاتھوں فروخت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت عوام کی زندگی عملاً اجیرن ہوچکی ہے۔ حکومتی کارکردگی سے مایوس عوام اب ان سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 2018کے انتخابات موجودہ برسراقتدار لوگوں کے لیے مکافات عمل ثابت ہوں گے۔مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے ملک و قوم کو مہنگائی،بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن اور دیگر مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام صاف ستھری اور کرپشن سے پاک قیادت چاہتے ہیں اور جماعت اسلامی کے پاس امانتدار اور باکردارقیادت موجود ہے۔ ہم نے اقتدار سے باہر رہ کر بھی عوام کی خدمت کی ہے اور اسمبلیوں کے اندر بھی عوامی مسائل کو بھرپورانداز میں اٹھایاہے۔اگر عوام نے 2018ء میں جماعت اسلامی پر اعتماد کااظہار کیاتوہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔