این ٹی ایس پاس طلبہ کو فوری نوکریاں دی جائیں ، ہدایت الرحمن بلوچ

394

کوئٹہ (آئی این پی ) جماعت اسلامی کے صوبائی جنر ل سیکرٹری ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگار ی و شدت پسندی کا خاتمہ تعلیم عام کرنے سے ہی ہوسکتاہے ،نوجوانوں سے روزگارکا وعدہ کرکے چھیننا مناسب نہیں ،این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کرنے والوں کو میرٹ کے مطابق مرحلہ وار نوکریاں دی جائیں تاکہ نوجوان پریشانی ومشکل سے بچ جائیں بے روزگاروں کو ہڑتال واحتجاج پر مجبور کرنا مناسب نہیں ۔ جماعت اسلامی این ٹی ایس پاس نوجوانوں کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں این ٹی ایس پاس طلبہ کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عبدالواسع قلندرانی اور تنویر احمد کاکڑ ودیگر بھی موجودتھے ۔این ٹی ایس پاس طلبہ نے اپنے معاشی مسائل وپریشانیوں سے ہدایت الرحمن بلوچ کو آگاہ کیا۔ ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دیناحکومت کی ذمے داری ہے مگر میرٹ واہلیت کو پیش نظر رکھا جائے ۔رشوت ،اقربا پروری اورجیالوں میں نوکری بانٹنے اور فروخت کرنے سے عوام میں شدید ردعمل پیداہورہا ہے یہ ظلم پچھلی حکومتوں میں تسلسل سے ہورہا تھا جسے عوام نے مسترد کردیا اب دوبارہ اہل وپڑھے لکھے عوام کو روزگار فروخت کرنا یا جیالوں میں تقسیم کرنا شروع ہواہے جو ناجائز وبدترین ظلم ہے۔ جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف اور مظلوموں کے ساتھ ہے، منتخب نمائندوں و حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ بے روزگار اہل وپڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار دیں۔ہم این ٹی ایس پاس نوجوانوں کے ساتھ ہیں او ران کیلیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔