کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کے لیے حکومت کھیلوں کو فروغ دے ۔ شیخ عامر وحید

568

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے انٹرنیشنل فٹسال کپ 2018کی ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انٹرنیشنل فٹسال کپ 2018میں شرکت کرنے والی پاکستان، برازیل، ترکی اور نیپال کی فٹسال ٹیموں کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا ۔ پاکستان ساکر فٹسال فیڈریشن کے چیئرمین ملک مہربان علی ، جنرل سیکرٹری عدنان احمد ، فٹسال ایسوسی ایشن اسلام آباد کے چیئرمین شیخ عبدالوحید، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری اور چیمبر کے سابق صدر باصر داؤد سمیت شبیر احمد، محترمہ ناصرہ علی، مصطفی ملک اور سید حیدر اسد بھی اس موقع پر موجود تھے۔انٹرنیشنل فٹسال کپ 2018کا انعقاد 16تا18فروری کو اسلام آباد میں ہوا۔
ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحیدنے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کھیلوں کے ٹورنامنٹ منعقد کر کے اربوں ڈالر کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں اور غربت میں کمی ہوتی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان میں بھی فٹسال سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر ترقی ملے گی اور معیشت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے اور ہمارے نوجوان تمام کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے مزید سہولیات فراہم کرے اور سازگار حالات پیدا کرے جس سے نہ صرف نوجوان صحت مند سرگرمیوں میں مصروف ہوں گے بلکہ کاروبار اور معیشت کو بھی فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ فٹسال کپ 2018میں برازیل، ترکی اور نیپال کی ٹیموں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے اب ایک پرامن ملک ہے ۔ انہوں نے پہلا انٹرنیشنل فٹسال کپ 2018منعقد کرنے پر پاکستان ساکر فٹسال فیڈریشن اور فٹسال ایسوسی ایشن اسلام آباد کی کوششوں کو سراہا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چیمبر فٹسال کھیل کو فروغ دینے کیلئے دونوں اداروں کی کوششوں کا بھرپور حمایت کرے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ چیمبر کاروباری طبقے کے مفادات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہے کیونکہ صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کا فروغ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی بہتر حوصلہ افزائی ہوتی ہے لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ کھیلوں کے فروغ کیلئے مزید کوششیں کرے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں فٹسال کھیل کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر کی سپورٹس کمیٹی فٹسال فیڈریشن اور ایسوسی ایشن کے تعاون سے اس کھیل کے بہتر فروغ کیلئے کوشش کرے گی۔ فٹسال ایسوسی ایشن اسلام آباد کے چیئرمین شیخ عبدالوحید نے انٹرنیشنل فٹسال کپ2018میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے انٹرنیشنل ٹیموں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر آئندہ بھی فٹسال فیڈریشن اور ایسوسی ایشن کے ساتھ اسی طرح تعاون جاری رکھے گا۔