گوگل کے تصویری سرچ آپشن میں تبدیلیاں‘ صارفین پریشان

391

انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے تصاویر کی سرچنگ آپشنز میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے ’ویو امیج‘ کا بٹن ختم کردیا جب کہ ’سرچ بائے امیج‘ کی سہولت سے بھی صارفین کو محروم کردیا۔
پہلے صارف مطلوبہ تصویر تلاش کرلیتا تھا تو امیج کھلنے کے بعد سائیڈ میں کچھ آپشنز دیے جاتے جس میں ’ویو امیج‘ کا ایک بٹن تھا جس پر کلک کرنے کی صورت میں تصویر بڑی ہو کر پوری اسکرین پر نظر آتی تھی تاہم اب یہ بٹن ختم کردیا گیا ہے۔
ویو امیج کا بٹن ختم ہونے کے بعد تصاویر میں آپشنز کم کرتے ہوئے اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔ تصویر کھلنے کے بعد ویو امیج کی جگہ ’وزٹ‘ اور ’شیئر‘ کے آپشنز دیے گئے ہیں تاکہ تصویر کو بڑے سائز میں دیکھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے متعلقہ ویب سائٹ پر وزٹ کیا جائے جب کہ تصویر میں کاپی رائٹ کو بھی واضح کردیا گیا ہے۔
گوگل نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ’ویوامیج‘ کا بٹن ختم کردیا گیا ہے تاکہ صارفین سہولت کے ساتھ مطلوبہ تصویر کو متعلقہ ویب سائٹ کے توسط سے حاصل کرلیں۔ گوگل کا کہنا ہے کہ ’سرچ بائے امیج‘ کا بٹن بھی ختم کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گیٹی امیجز نے گوگل کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کیا تھا جس کے بعد دونوں کمپنیوں نے ’ویو امیج‘ بٹن ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔