اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے قوم کو قرضوں کی زنجیروں میں جکڑ دیاِ مشتاق خان

69

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 70 برس سے اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے قوم کو غربت اور قرضوں کی زنجیروں میں جکڑ نے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ہمارے حکمرانوں سے خیر کی کو ئی توقع نہیں ان لٹیروں نے 70 برس میں پاکستانیوں کے نام پر 84 ارب ڈالر کا قرض لے کر بیرون ملک جائدادیں اور اکاؤنٹ بنائے،جماعت اسلامی قوم کو موروثی سیاستدانوں اور امریکی گھوڑوں سے نجات دلانے کے لیے کوشاں ہے۔جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلیے قائم کی گئی اسلامی نظام ہی کرپشن اور حقوق کے غصب کرنے کا توڑ ہے۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنا سکتی ہے، کرک ضلع میں گیس ہے نہ بجلی پانی ہے نہ سڑکیں ، ہماری کرک جیسی معدنیات اور وسائل سے بھری خزانہ زمین و وطن جنگ زدہ علاقوں کی تصویر پیش کر رہے ہیں ہماری جنگ ان لٹیروں سے ہے ان سے حقوق چھین لینے کا وقت آگیا ہے عوام2018ء کے الیکشن کو جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر دین و وطن کو لوٹنے والے ان درندوں کی ضمانتیں ضبط کرکے ان لٹیروں کو جیلوں میں بند کر دینے کا سال بنادیں گے اب ناموس رسالتؐ و ختم نبوت کے لٹیروں کو بھی گریبانوں سے پکڑ کر نشان عبرت بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے میلہ گراؤنڈ نری پنوس کرک میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کرک مولانا تسلیم اقبال ، ضلعی جنرل سیکرٹری ظہور خٹک اورامید وار پی کے41کرنل محمد خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر متعدد خاندانوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہا کہ عوام ان حکمرانوں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈال کر ان کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکالیں جنہوں نے قوم کو صحت ، تعلیم ، ترقی اور قومی عزت سے محروم کیا ، ہماری آزادی گروی رکھی،ہمارے بچوں اور بچیوں کی جان اور عزت کی حفاظت کرنے کے بجائے اپنے مفادات اور ایجنٹوں کو تحفظ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کے خلاف تحریک چلانے کا وقت آگیا ہے پاکستان کی یہ نام نہاد سیاسی جماعتیں دراصل پبلک لمیٹڈ کمپنیز ہیں لوگ یہاں منافع کمانے کیلیے سرمایہ کاری کرتے ہیں اور قیادت اپنی نالائق نسلوں کو منتقل کرتے چلے جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں 343پارٹیوں میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد پارٹی ہے جس میں آف شور کمپنیوں والے نہیں ہمارے کسی ایم این اے ، ایم پی اے، وزیر، سینیٹر حتیٰ کہ کسی بلدیاتی نمائندے پر بھی کرپشن کا الزام نہیں ہمارے بچے امریکا و یورپ میں نہیں پلتے جماعت اسلامی غریبوں اور عوام کی پارٹی ہے جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو ملک میں قرآن و سنت کا نظام قائم کرے گی ہر فرد کو گھر اور ہر بچے کو تعلیم اور ہر نوجوان کو روزگار فراہم کرے گی اور جس کو روزگار نہ مل سکے اس کو لازمی بیروزگاری الاؤنس دیا جائے گا پانچ خطر ناک بیماریوں کا علاج مفت کیا جائے گا ہر یو سی کی سطح پر کھیل کے میدان بنائے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل نشے کی لعنت سے محفوظ رہ سکے۔ مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔