کنٹرول لائن پربھارتی فوج کی پھربلا اشتعال فائرنگ‘خاتون زخمی 

214

نکیال‘اسلام آباد‘راولپنڈی(آن لائن‘آئی این پی) لائن آف کنٹرول کے جندروٹ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال گولا باری کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال نکیال لایا گیا۔پاک فوج کی طرف سے دشمن کو منہ توڑ جواب بھی دیا گیا۔ بھارتی فوج نے جندروٹ سیکٹر سے ملحقہ دیہات بالاکوٹ ،گھمب موہڑہ ،ڈبسی لنجوٹ اور کینٹھی گالا کی سول آبادی پر اچانک بلا اشتعال گولاباری شروع کر دی جس کے نتیجے میں کینٹھی گالا کی سکونتی رخسانہ بی بی دختر محمد شفیع زخمی ہو گئی ۔ادھر دوسری طرف دفتر خارجہ نے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 8 سالہ آیان زاہد کی شہادت پر بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کر کے شدید مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کر کے جلدپاکستان کو آگاہ کریں اور ایل او سی ورکنگ باؤنڈری کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کے مبصرین کو رسائی دی جائے تاکہ محمد فیصل نے بھارتی سفیر جے پی سنگھ کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا اور کہا کہ بھارتی فورسز جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانا بنا رہی ہیں۔ واضح رہے بھارت رواں برس 365 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے (سی ایم ایچ ) سیالکوٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ لوگ بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں زخمی ہوئے۔