ملک اور قوم کی ترقی کے لیے حکمرانوں کے پاس کوئی وژن نہیں، محمد اسلم

73

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کو ترقی سے ہمکنار کر نے کے لیے ان حکمرانوں کے پاس کوئی ویژن نہیں ہے، قوم کو عظیم اور ترقی یافتہ بنانا ہے تو تعلیم کو عام کرکے اس پر وسائل خرچ کرنا ہوں گے، ملک کے عوام کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنا حکومت اور ریاست کی ذمے داری ہے لیکن حکمرانوں نے ہمیشہ شعبہ تعلیم کو نظر انداز کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیری چوک پھلگراں میں غزالی اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے نائب امیر محمد سفیان عباسی، چیئرمین یونین کونسل پھلگراں راجا وقار ممتاز، عامر نواز اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہوتی ہے اور اس کے ذریعے نسل نو کو مقصد و ترجیحات زندگی سے آشنا کرانا اور معاشرے کی ترقی میں تعمیری کردار ادا کرنے پر اکسایا جاتا ہے۔ تاہم وطن عزیز کا یہ المیہ رہا ہے کہ یہاں تعلیم کے شعبے کو ہمیشہ مسائل کا شکار کر کے بحرانی کیفیت میں ڈالا گیا۔ پاکستان میں کر پشن کو ختم کر کے ہر بچے اور بچی کو مفت تعلیم، ہر پاکستانی کا مفت علاج کیا جاسکتا ہے۔