پاکستان بحریہ ملکی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے, ایڈمرل ظفر محمود عباسی

454

کراچی: پاکستان بحریہ جدید اور پیشہ ورانہ امور میں مہارت رکھنے والا عسکری ادارہ ہے جو ملک کی سمندری حدود کی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے

، یہ بات چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر طارق ملک کی قیادت میں کاٹی کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی ، جبکہ اس موقع پر کاٹی کے نائب صدر جنید نقی ، سابق صدور زبیر چھایااور سید فرخ مظہر بھی موجود تھے۔اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ مضبوط اور متوازن معیشت کے بغیر کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔

پاکستان بیش بہا قدرتی نعمتوں سے مالا مال ہے لہذا پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر جد و جہد کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے میں ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کی ترقی اور کامیابی کی راہ میں یہ بنیادی کردار ادا کرے گا ۔ اس موقع پر کاٹی کے صدرطارق ملک نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اس ملک کی صنعت و تجارت کو بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے اور ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، اس موقع پر انہوں نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی ۔