پی ایس ایل افتتاحی میچ ، مہمان ٹکٹوں سے محروم

95

دبئی (نمائندہ خصوصی)متحدہ عرب امارت میں شروع ہونیوالے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کی سوفیصد ٹکٹیں فروخت ہوئیں۔پی ایس ایل کو دیکھنے اور سپورٹ کرنے کیلئے بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں لوگ آئے، پاکستان، برطانیہ، بحرین، قطر، سعودی عرب اور اومان سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی دبئی پہنچنے، لیکن اوورسیز پاکستانیوں کواس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انھیں افتتاحی تقریب کے ٹکٹ نہیں مل سکے ‘انتظامیہ کی جانب سے بتایاگیا کہ اگلے تمام میچز کی ٹکٹ بھی آن لائن دستیاب ہوں گی جس پر دیگر ممالک سے آنے والے شائقین نے اگلے میچوں کے ٹکٹ پہلے سے ہی خریدنے پر اکتفاکیا۔ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے میچز کیلئے اس بار ٹکٹیں صرف آن لائن فروخت کی جارہی ہیں جس میں جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 40درہم، انٹرنیشنل اسٹینڈ کیلئے قیمت 65 درہم رکھی گئی ہے، پریمئیم ویسٹ اور ایسٹ کی نشست 125 جبکہ پلاٹینیم کی سیٹ 290 درہم میں فروخت کی جارہی ہیں۔دوسری طرف افتتاحی میچ کے لیے جب ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئن پشاورزلمی کی ٹیمیں میدان میں اتریں تو شائقین کی جانب سے بھرپور نعروں سے کھلاڑیوں کا استقبال کیاگیا‘ اس موقع پر شائقین کا جوش قابل دید تھا‘ جب کہ شائقین اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کے حق میں نعرے بازی بھی کررہے تھے ۔