مورثی سیاست نے پاکستان کو بند گلی میں دھکیل دیا، مشتاق خان

152

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تاریخی اور ملک کے لیے نیک شگون ہے، فیصلے سے ملک کا مستقبل محفوظ ہوگا۔ مسلم لیگ ن نے نااہل شخص کے پارٹی صدر بنانے کے لیے پارلیمانی عددی اکثریت کی بنیاد پر جو قانون سازی کی ہے، یہ دستور کے بنیادی فریم سے متصادم اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی ضد میں تھی۔ حیرانی کی بات ہے کہ پارلیمنٹ نے صرف ایک شخص کے لیے راتوں رات قانون سازی کرلی اور ایک کروڑ قبائل کے لیے ستر سال سے قانون سازی کی توفیق نہ ہوئی جو بشری حقوق کے لیے تڑپ رہے ہیں۔ ہم نے اس وقت بھی کہا تھا کہ یہ قانون سازی ظلم ہے اور اس پر عدالت عظمیٰ کا فیصلہ متوقع ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں سیاسی جماعتیں مافیا کے قبضے سے آزاد ہوں گی اور سیاسی جماعتوں پر چند خاندانوں کی گرفت ڈھیلی پڑ جائے گی۔ باپ بیٹے اور بیٹی کی سیاست نے پاکستان کو بند گلی میں دھکیلا ہے، اس سے نجات ملے گی۔ عدالتی فیصلوں کیخلاف احتجاج اور سڑکوں پر نکلنے کا راستہ اختیار کرنا ملک دشمنی ہوگی۔ عدالت عظمیٰ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لے اور سینیٹ الیکشن میں پیسے کے عمل دخل اور ریل پیل کو روکے۔