سستی بجلی بنانے کے منصوبے حکومتی بے حسی کا شکار ہیں ، میاں مقصود

194

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری کے بیان کہ ’’حکومت بجلی چوری روکنے میں ناکام ہوگئی ہے، موسم گرما میں لوڈشیڈنگ ہوگی‘‘ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وزرا مسلسل عوام کے جذبات کو مجروح کررہے ہیں۔ ایک طرف وزیر اعلیٰ شہباز شریف لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے بڑے بڑے دعوے کررہے ہیں۔ قومی اخبارات میں توانائی بحران پر قابو پانے اور اس ضمن میں پروجیکٹس پر اٹھنے والے اخراجات کے اشتہارات دے رہے ہیں تو دوسری جانب حکومتی وزرا ہی لائن لائسز روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 400 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی تھی تو مکمل ہونے والے توانائی منصوبوں کی بجلی کہاں جارہی ہے؟۔ فرنس آئل سے بجلی مہنگے داموں پیدا کرکے قوم کو مہنگی فروخت کی جارہی ہے۔ ہوا، پانی اور کوئلے سے سستی بجلی بنانے کے منصوبے مسلسل حکومتی بے حسی کا شکار ہیں۔ قوم کی یہ بدقسمتی ہے کہ بدترین حکمران ٹولہ عوام پر مسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران نے ملکی معیشت کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے۔ بین الاقوامی منڈی میں ہماری مصنوعات زیادہ لاگت کی وجہ سے مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ ہندوستان اور بنگلا دیش میں بھی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے مگر وہاں کی حکومتوں نے نہ صرف بجلی کے نرخوں کو عوام کی پہنچ میں رکھنے کا بندوبست کیا بلکہ اپنی صنعت کو بھی بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ حکمرانوں نے اپنے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں عوام کو مایوس کیا ہے۔ عوام کو اس وقت کئی بڑے مسائل کا سامنا ہے۔ لوڈشیڈنگ کی طرح مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے بھی لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی خراب کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی قوم آئندہ بدعنوان افراد کو منتخب نہیں کرے گی اور مسلم لیگ (ن) کا بھی 2013ء کے الیکشن کی طرح پیپلز پارٹی جیسا انجام ہوگا۔