سرجانی میں اربوں روپے مالیت کے پلاٹوں پر لینڈ مافیا کا قبضہ

308

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) سرجانی ٹاؤن کے اربوں روپے مالیت کے درجنوں پلاٹوں کا قبضہ لینڈ مافیا سے ختم کرانے میں کے ڈی اے ناکام ہوگیا ہے۔ تاہم ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن میں مقبوضہ پلاٹوں کو وا گزار کرانے کے لیے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا جاچکا ہے جبکہ پلاٹوں کے متاثرین کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے کے بدعنوان افسران نے لینڈ مافیا کے کارندوں سے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے جس کے باعث ” نورا فائرنگ ” کے ذریعے کے بے بسی ظاہر کی جاتی ہے۔ یادرہے کہ سرجانی ٹاؤن کے
سیکٹر 8 میں لینڈ مافیا نے کے ڈی اے کے متعلقہ کرپٹ افسران کی ملی بھگت سے صنعتی پلاٹوں پر نہ صرف قبضہ کیا ہوا ہے بلکہ اس پر چائنا کٹنگ کرکے فروخت کا سلسلہ بھی شروع کیا ہوا ہے۔ جبکہ 2008ء اور اس سے پہلے ان پلاٹوں کو خریدنے والے اپنا حق حاصل کرنے کے لیے در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔ ایک مقبوضہ صنعتی پلاٹ ایل ٹی 309 کے الاٹی سمیع الرحمن کا کہنا ہے کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ قبضہ مافیا کی پشت پناہی کے ڈی اے کے بدعنوان افسران کررہے ہیں۔ یہی افسران لینڈ مافیا کو پلاٹوں کو واہ گزار کرانے کے دوران فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلانے کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔ ایک اور الاٹی کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے کے افسران کے لینڈ مافیا سے گٹھ جوڑ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ سرجانی ٹاؤن اسکیم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے ایک ہی افسر کئی سال سے تعینات ہے۔ حالانکہ وہ یہاں ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر6 سال قبل متعین کیا گیا تھا۔ لوگوں نے بتایا ہے کہ پی ڈی اپنی ذات میں ” شہزادہ ” بنا ہوا ہے کیونکہ اس کی سرپرستی ادارے کے اعلی افسران براہ راست کرتے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے کے ڈی جی سمیع صدیقی سے توقع ہے کہ وہ جلد اس حوالے سے سخت کارروائی کریں گے۔ اس ضمن میں جب نمائندہ جسارت نے ڈائریکٹر جنرل سمیع صدیقی سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا ہے کہ وہ جلد ہی سرجانی ٹاؤن میں پلاٹوں کو واہ گزار کرانے کے لیے ایک گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ اس آپریشن کے لیے رینجرز کی مدد سے کارروائی کی جائے گی اور تمام قبضہ کیے گئے پلاٹوں کو واہ گزار کرواکر اصل الاٹیز کے حوالے کریں گے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے بتایا کہ فی الحال گلستان جوہر ، گلشن اقبال اور سوسائٹی کے علاقوں میں قبضہ کیے گئے رفاعی پلاٹوں کے خلاف کارروائی کا جاری ہے۔ دو ماہ کے اندر تمام تمام رفاعی پلاٹوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ہم شہر سے تمام غیر قانونی پلاٹوں کا قبضہ ختم کرکے اس کی شکل بدل دیں گے ۔