ایل او سی پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے نوجوان شہید 

213

راولپنڈی(آن لائن+اے پی پی) بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر نہتے کشمیریوں کو دہشت زدہ کرنے کا سلسلہ جاری ، بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان شہید ہو گیا ۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں بھارتی چوکی تباہ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوج مسلسل کنٹرول لائن پر دراندازی کر رہی ہے اور مظلوم اور نہتے کشمیریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان انضمام امین شہید ہو گیا ۔ انغمام امین دریائے پونچھ کے کنارے تیتری نوٹ میں واقع کریشنگ پلانٹ پر کام میں مصروف تھا جس کو بھارتی فوج نے تاک کر فائرنگ کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کر دیا۔ بھارتی فوج کی جارحیت کا پاک فوج کی طرف سے منہ توڑ جواب دیا گیا ۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی چوکی کو تباہ کر دیا گیا ۔ دوسری جانب غیر ملکی دفاعی اتاشیوں نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا جہاں پاک فوج نے انہیں بھارتی اشتعال انگیزی پر بریفنگ دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کنٹرول لائن کا دورہ کرنے والوں میں امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، ترکی اور انڈونیشیا کے دفاعی اتاشی شامل تھے۔ غیر ملکی اتاشیوں کو بھارتی فوج کی بربریت پر بریفنگ دی گئی اور ان کی متاثرین سے ملاقاتیں بھی کرائی گئیں۔ اتاشیوں نے متاثرین سے مشکلات دریافت کیں۔ غیر ملکی دفاعی اتاشیوں کو پاک فوج کے آزاد کشمیر میں ریلیف کے کام پر بھی بریفنگ دی گئی۔