کنٹرول لائن : بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے ایک اور نوجوان شہید 

238

راولپنڈی/اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز) بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ،ہفتے کے روز کنٹرول پر داغے گئے مارٹر گولوں کی زد میں آکر ایک اور نوجوان شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی افواج نے ہفتے کے روز ایل او سی سے1200 میٹر دور تھرٹی نار گاؤں پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹراسپتال نکیال منتقل کردیا گیا جبکہ پاکستانی فوج کی جانب سے اس بھارتی چوکی کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی۔دوسری جانب پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرجے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کر کے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکے حوالے کیاگیا ہے ، احتجاجی مراسلے میں ایل اوسی پربھارت کی جانب سے فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا ہے ، جمعہ کے روز لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہید،3زخمی ہوگئے تھے، بھارت رواں برس 370 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے ، بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں رواں سال اب تک 16 شہری شہید اور 66 زخمی ہو چکے ہیں ۔