بھارت منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچارہا ہے‘ میاں مقصود

218

لاہور( وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ حکمرانوں کی جانب سے بیک ڈور ڈپلومیسی کے ذریعے بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگنا ملک وقوم کی تذلیل اورملکی وقار مجروح کرنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بھارتی حکام پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔لمحہ فکر ہے کہ بلوچستان میں جارحیت اورپاکستان کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کوسپورٹ کرنے کے باوجود حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ دوستی کے خواب دیکھ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جب تک بھارت کھلے دل سے پاکستان کے وجود کوتسلیم نہیں کرلیتا،ہرقسم کی جارحیت کاخاتمہ اور کشمیریوں کوحق خودارادیت نہیں دے دیتا تب تک اس کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی جاسوس کل بھوشن کانیٹ ورک ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے حالات خراب کرنا چاہتاتھا۔یہ حقیقت اب کھل کرساری دنیا کے سامنے آچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئے روزبھارتی حکمران پاکستا ن کوکھلم کھلا دھمکیاں دیتے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی خود کئی بار پاکستان کے خلاف زہر اگل چکے ہیں اور سی پیک منصوبے کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ان حالات میں بھارت کے ساتھ مذاکرات سودمند ثابت نہیں ہوسکتے۔بھارت ساری دنیا میں جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کے مفادات کونقصان پہنچارہا ہے۔حال ہی میں گرے لسٹ کے حوالے سے بھارت اور امریکا کااصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ بھارت ہماراسب سے بڑا‘اور خطرناک دشمن ہے جس نے کھیلوں کے میدانوں سے لے کرعالمی محاذوں پرشرمناک کردار کامظاہرہ کیاہے اور یہ سلسلہ ہنوزجاری ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کو ازسرنوتشکیل دے اور ایسی خارجہ پالیسی مرتب کی جائے جس سے ملک وقوم کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو۔