عالمی برادری اور اقوام متحدہ شامی مسلمانوں کے قتل کا نوٹس لیں، مشتاق خان

184

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ شام میں قتل عام انسانی المیہ ہے، روسی طیارے شامی حکومت کی سرپرستی میں مشرقی الغوطہ اور دوسرے شہروں میں بدترین بمباری کے ذریعے معصوم لوگوں خصوصاً چھوٹے بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ شامی مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لیں اور روس پر بمباری بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں، مسلمان حکمران امریکا اور یورپ کی غلامی ترک کریں اور امت کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھیں، شام کے مسئلے پر او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور روس کو شامی علاقوں پر بمباری سے روکنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے۔ بے غیرت حکمرانوں کی وجہ سے امت تقسیم در تقسیم اور خانہ جنگیوں کا شکار ہے۔ شامی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے دیر لوئر میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت ضلعی امیر مولانا اسد اللہ نے کی۔ مظاہرے کا آغاز جامعہ احیا العلوم بلامبٹ سے ہوا اور تیمر گرہ چوک میں جلسے میں تبدیل ہوا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مقررین نے شامی علاقوں پر روسی بمباری کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ صوابی میں تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے امیر صوبہ مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ نہتے شہریوں اور بچوں پر وحشیانہ بمباری بزدلوں کا کام ہے۔ اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی قرار داد کے باجود روسی فضائیہ کی بمباری اور معصوم بچوں اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا بدترین ظلم ہے۔ روسی بمباری میں مشرقی غوطہ شہر کے سیکڑوں بے گناہ افراد شہید ہوگئے جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ سے عالمی درندوں روس، امریکا، یورپ اور عالمی سامراجی طاقتوں نے شام اور دیگر مسلم ممالک کے معصوموں کو اپنی شکار گاہ بنا رکھا ہے۔ اپنے اپنے مفادات کو آگے بڑھانے اور توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کے لیے بے گناہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مسلم حکمران شام میں جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کے لیے روس پر دباؤ ڈالیں۔