حکومت نے پنجاب اسمبلی کو ربر اسٹمپ بنا کر رکھ دیا، سردار ظفر

143

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں نیب کیخلاف پیش کی گئی قرار داد کی منظوری کو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے نیب کے ادارے کو متنازع بناکر ریاستی اداروں کے باہمی ٹکراؤ کی سازش کی جارہی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے سابق جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب کے ادارے نے پہلی مرتبہ حقیقی معنوں میں احتساب کا عمل شروع کیا ہے۔ شریف فیملی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے اوچھے اور منفی ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ اسمبلیوں کا اصل کام قانون سازی ہوتا ہے لیکن حکومت نے پنجاب اسمبلی کو ربر اسٹمپ بنا کر رکھ دیا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے نئی قانون سازی کرنے کے بجائے الٹا پنجاب اسمبلی نے نیب کیخلاف قرار داد منظور کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) احتساب کے عمل کو کامیاب ہوتے دیکھنا نہیں چاہتی۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج اور شور شرابے کے باوجود نیب کیخلاف قرار داد کی منظوری سے حکومت کی بدنیتی صاف ظاہر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف نیب کی اس وقت ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ احد چیمہ کی گرفتاری سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر بھی ہاتھ پڑسکتا ہے اس لیے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نیب کیخلاف پروپیگنڈہ مہم کا آغاز کردیا ہے۔