پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آجائیگا، میاں مقصود

118

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ ایک سال کے دوران صرف پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے تک اضافہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو اس کو مسائل میں اضافے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا ہوگا۔ عوام پہلے ہی دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ مہنگائی اوربے روزگاری نے مزدوروں کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے۔ روزگار نہ ملنے اور مہنگائی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے غریب عوام خود کشی کرنے پر مجبور ہیں۔ حکمرانوں کی گڈگورننس کا یہ حال ہے کہ ملک کی نصف سے زائد آبادی دو ڈالر یومیہ کمانے سے بھی قاصر ہے۔ موجودہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔ کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ آئے روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کو لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔ نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ معیشت کی بہتری کے دعوے کرنے والا حکمران طبقہ عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک مسلسل ملکی معیشت پر تشویش کا اظہار کررہا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کو عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ جب تک حکمران عوام دشمن ظالمانہ پالیسیوں کو ترک نہیں کردیتے عام عوام کی زندگیوں میں کوئی بہتری نہیں آسکتی۔ حکومت نے 6 ماہ کے قلیل عرصے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 32 روپے اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کے انجام سے سبق سیکھے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کرے۔